بھارتی ریاست آسام میں خوفناک حادثہ: بی ایس ایف کے 32 اہلکار شدید زخمی، 14 کی حالت تشویشناک

جمعہ 9 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست آسام کے ضلع بارپیٹا کے علاقے حویلی میں قومی شاہراہ 27 پر ایک دلدوز سڑک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کو لے جانے والی ایک بس آگے جانے والے ٹرک کے عقبی حصے سے جا ٹکرائی۔

اطلاعات کے مطابق بس میں سوار بی ایس ایف کے اہلکار انتخابات کی ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد دھوبری کی طرف جا رہے تھے کہ حویلی کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس کا ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بس میں سوار 32 سیکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کی شناخت 42 سالہ شمس الحق کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع گوالپارہ کے علاقے شملیتولا (گارویماری) کا رہائشی تھا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی حویلی پولیس فورس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ پولیس نے تمام زخمیوں کو فوری طور پر بارپیٹا میڈیکل کالج اینڈ اسپتال  منتقل کیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق شدید زخمی ہونے والے 14 اہلکاروں کی حالت انتہائی نازک ہے۔  پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر کے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp