پی آئی اے نے ناروے کی کمپنی سے جدید بوئنگ 787 طیارے حاصل کا معاہدہ کرلیا

جمعہ 9 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سفری طلب پوری کرنے کے لیے ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک کے ساتھ 2 جدید بوئنگ 787 ڈریم لائنرز حاصل کرنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔ نئے طیاروں کے ذریعے نومبر 2026 کے اوائل سے لندن اور مانچسٹر سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے پروازیں شروع ہونے کی توقع ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق معاہدے کے تحت نورس اٹلانٹک قومی ایئرلائن کو 2 بوئنگ 787 ڈریم لائنرز عملے، دیکھ بھال اور بیمہ سمیت فراہم کرے گی۔ اس نوعیت کے معاہدے کو اے سی ایم آئی کہا جاتا ہے، جس کے تحت طیارے کے ساتھ عملہ، مینٹیننس اور انشورنس کی سہولت بھی شامل ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری مکمل، نئی انتظامیہ کا روڈ میپ کیا ہے؟

معاہدے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پی آئی اے کی طویل فاصلے کی پروازوں کی گنجائش میں اضافہ ہوگا، جبکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو وطن آنے اور واپس جانے کے لیے براہ راست سفر کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر وائس مارشل عامر حیات نے کہا کہ قومی ایئرلائن اپنے بین الاقوامی فضائی نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنانے اور مسافروں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے مطابق آپریشنل گنجائش میں اضافہ کر رہی ہے۔ ان کے مطابق بوئنگ 787 ڈریم لائنر پہلی مرتبہ پاکستانی مارکیٹ میں متعارف ہو رہے ہیں اور توقع ہے کہ یہ جدید طیارے مسافروں کو بہتر اور معیاری سفری تجربہ فراہم کریں گے۔

نورس اٹلانٹک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایونڈ روالڈ نے کہا کہ پی آئی اے کے ساتھ شراکت داری پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطے کو مضبوط بنانے کے ساتھ برطانیہ میں مقیم بڑی پاکستانی کمیونٹی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سفر کے مزید مواقع پیدا کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے آئندہ ڈھائی سال کے دوران اپنے فلیٹ میں کتنے طیارے شامل کرے گی؟

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نورس اٹلانٹک کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت جدید ڈریم لائنر طیاروں کو طویل فاصلے کی پروازوں کے لیے مختلف بین الاقوامی مواقع کے مطابق مؤثر انداز میں استعمال کیا جاتا ہے۔

نورس اٹلانٹک کے مطابق کمپنی کے جدید بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے شیڈول پروازوں، چارٹر اور اے سی ایم آئی آپریشنز کے لیے استعمال ہوتے ہیں، جس سے مختلف بین الاقوامی مارکیٹس میں طلب کے مطابق فضائی گنجائش منتقل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق جدید ڈریم لائنرز کی شمولیت سے قومی ایئرلائن کی بین الاقوامی پروازوں کی گنجائش بڑھے گی اور پاکستان اور برطانیہ کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کو مزید فروغ ملے گا۔ معاہدے سے دونوں ایئرلائنز کے درمیان مستقبل میں مزید اسٹریٹجک تعاون کے امکانات بھی پیدا ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp