دہلی احتجاج: مودی حکومت کے ناقد یوٹیوبر دھرو راٹھی دھر لیے گئے

ہفتہ 10 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ناقد معروف یوٹیوبر دھرو راٹھی کو دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے احتجاج سے قبل گروگرام میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا گیا۔ بھارتی میڈیا این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس اہلکار ہفتے کی صبح سیکٹر 56 میں واقع ان کے گھر پہنچے اور انہیں حراست میں لے لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تقریباً 50 اہلکاروں پر مشتمل ٹیم دھرو راٹھی کی رہائش گاہ پہنچی۔ وہ دہلی کے جنتر منتر پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف مجوزہ احتجاج میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ انہوں نے جمعے کی شام سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو میں احتجاج میں شرکت کا اعلان کیا تھا۔

کاکروچ جنتا پارٹی نے دھرو راٹھی کی حراست پر ردعمل دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ پارٹی کے قانونی شعبے کی سربراہ رتنا سنگھ نے بھی ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ پولیس نے انہیں گھر پر روکنے کی کوشش کی اور ان کی گاڑی کو گھیر لیا، تاہم انہیں حراست میں لیے جانے کی صورت حال واضح نہیں کی گئی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق دھرو راٹھی رواں ہفتے جرمنی سے بھارت پہنچے تھے اور 8 اکتوبر کو بنگلورو میں سی جے پی کے احتجاج میں بھی شریک ہوئے تھے۔

دہلی پولیس نے اس سے قبل سیکیورٹی خدشات اور ضابطہ جاتی تقاضوں کا حوالہ دیتے ہوئے احتجاج کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ احتجاج کے پیش نظر دارالحکومت میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مودی حکومت کے لیے ایک اور پریشانی، معروف یوٹیوبر دھرو راٹھی حکومت مخالف احتجاج میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ گئے

رپورٹ کے مطابق 400 سے زائد افراد کو رات کے دوران حراست میں لیا گیا، متعدد ٹرینیں منسوخ کی گئیں اور کئی میٹرو اسٹیشن بند کیے گئے۔

احتجاج کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور مرکزی مسلح فورسز کے 20 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے جانے کی اطلاع بھی دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp