خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے امکان پر پولیس ہائی الرٹ، پشاور میں آنسو گیس کے مزید 5 ہزار شیل منگوا لیے گئے

ہفتہ 10 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کی صورت میں ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ پولیس کے اینٹی رائٹس دستے نے بھی مشقیں شروع کردی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پشاور پولیس نے ممکنہ احتجاجی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں تیز کردی ہیں۔ پولیس کے پاس پہلے سے آنسو گیس کے 5 ہزار شیل موجود تھے، تاہم مزید 5 ہزار شیل منگوا لیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور میں احتجاجی مظاہرین سے نمٹنے کے لیے قائم 400 اہلکاروں پر مشتمل پولیس دستے نے بھی اپنی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کی منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل صبح ساڑھے 9 بجے طلب کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ اس معاملے پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے توثیق حاصل کرنے کے لیے اجلاس طلب کیے گئے ہیں۔

آئین کے آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کے نفاذ کی صورت میں 10 روز کے اندر قومی اسمبلی اور سینٹ سے منظوری حاصل کرنا لازمی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp