اقرار الحسن کو پنجاب پولیس نے گرفتار نہیں کیا، عظمیٰ بخاری

پیر 12 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے صحافی اقرار الحسن کو گرفتار نہیں کیا، ان کے لاپتا ہونے کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ان کے بارے میں مصدقہ معلومات ملتے ہی اہل خانہ کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پولیس نے اقرار الحسن کو حراست میں نہیں لیا، جبکہ معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ اقرار الحسن کے بارے میں جیسے ہی کوئی مصدقہ معلومات سامنے آئیں گی، ان کے اہلخانہ کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب اقرار الحسن کی اہلیہ فرح اقرار نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں واقع ان کی رہائش گاہ سے نامعلوم افراد ان کے شوہر کو اپنے ساتھ لے گئے۔ ان کے بقول، مذکورہ افراد نے خود کو سائبر کرائم کے اہلکار ظاہر کیا تھا۔

فرح اقرار کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب 5 سے 7 افراد، جن میں خواتین بھی شامل تھیں، ان کے گھر پہنچے اور اقرار الحسن کو باہر آنے کا کہا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انکار پر افراد نے دروازہ توڑنے کی دھمکی دی، جس کے بعد گھر میں داخل ہوکر ایک کمرے سے اقرار الحسن کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

اقرار الحسن کی اہلیہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے شوہر کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ ادارے کے دفتر سے رابطہ کیا، تاہم کوئی جواب نہیں ملا۔ ان کے مطابق صبح تقریباً 6 بجے ڈیفنس سی پولیس اسٹیشن میں اقرار الحسن کے مبینہ اغوا سے متعلق درخواست جمع کرائی گئی، جس پر پولیس نے ڈائری نمبر جاری کیا۔

فرح اقرار کا کہنا تھا کہ بعد ازاں آن لائن کمپیوٹرائزڈ مقدمہ درج کرانے کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ نیٹ ورک بند ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp