معروف قوال فرید ایاز ریٹائر ہوگئے؟ بھائی ابو محمد نے حقیقت بتادی

منگل 13 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف قوال فرید ایاز کی جانب سے محفلِ قوالی میں ریٹائرمنٹ کے اعلان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کے بھائی ابو محمد نے وضاحت کی ہے کہ فرید ایاز نے ریٹائرمنٹ والی بات غصے میں کہی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ابو محمد نے تصدیق کی کہ 76 سالہ فرید ایاز کی ریٹائرمنٹ کا اعلان حقیقت پر مبنی نہیں تھا، تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کہ فرید ایاز کس بات پر ناراض تھے۔

یہ بھی پڑھیں:

فرید ایاز اور ابو محمد امیر خسرو کے قوال بچہ گھرانے سے تعلق کے باعث دنیا بھر میں اپنی شناخت رکھتے ہیں، معروف قوال منشی رضی الدین کے فرزند بھائیوں کی یہ جوڑی فلمی گیتوں اور کوک اسٹوڈیو میں پیش کی گئی اپنی مقبول قوالی ’پیا گھر آیا‘ کے باعث بھی اپنی ایک علیحدہ پہچان رکھتی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں فرید ایاز کراچی میں جمعے کو منعقدہ ایک تقریب کے دوران اسٹیج پر موجود سامعین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ قوالی سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ طویل عرصے تک اپنے سامعین کی خدمت کرتے رہے ہیں اور اب نئی نسل اس روایت کو آگے بڑھائے گی، ان کے اس اعلان پر حاضرین نے حیرت کا اظہار کیا، جبکہ اسٹیج سے رخصت ہوتے وقت تالیاں بھی بجائی گئیں۔

مزید پڑھیں: الحمرا صوفی فیسٹیول: صوفیانہ عظمتوں کی آواز

فرید ایاز قوالی کی ایک ایسی روایت سے تعلق رکھتے ہیں جس کی تاریخ 700 سال سے زیادہ پرانی بتائی جاتی ہے۔ ان کا تعلق معروف ’قوال بچہ گھرانے‘ سے ہے، جس کے قیام کو روایت کے مطابق نامور شاعر امیر خسرو سے منسوب کیا جاتا ہے۔

ریٹائرمنٹ کی خبر تیزی سے پھیلی، تاہم دونوں بھائیوں کے آئندہ ماہ تک جاری رہنے والے امریکی دورے کے شوز کے پیش نظر بھی ان کے فوری طور پر قوالی چھوڑنے کی خبر غیر متوقع محسوس ہو رہی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp