صدر زرداری کی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس امین الدین کے غیر ملکی دوروں کی منظوری

منگل 13 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدر مملکت آصف زرداری نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس صاحبان کو بیرون ملک دوروں کے لیے رخصت اور نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

ایوانِ صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر زرداری نے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی اور وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان کے غیر ملکی دوروں کی منظوری دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس، 59 شکایات کا جائزہ لیا گیا

بیان میں کہا گیا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی 14 سے 21 اکتوبر اور پھر 27 اکتوبر سے 4 نومبر تک برطانیہ، جنوبی کوریا اور جاپان کا دورہ کریں گے۔

وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان 19 سے 22 اکتوبر تک آذربائیجان جائیں گے، جہاں وہ ترک دنیا کی آئینی عدالتوں اور آئینی دائرۂ اختیار رکھنے والے اداروں کی کانفرنس ’ترک اے وائی‘ میں شرکت کریں گے۔

وفاقی آئینی عدالت کو رواں سال جولائی میں اس فورم میں مبصر کی حیثیت سے شامل کیا گیا تھا۔ یہ فورم تقریباً 4 سال قبل قائم ہوا تھا۔

سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس صاحبان کو رخصت دینے کے لیے صدر مملکت متعلقہ قواعد کے تحت مجاز اتھارٹی ہیں۔

یہ اختیار بالترتیب 1997 اور 2025 کے ان احکامات میں دیا گیا ہے جو متعلقہ عدالتوں کے ججوں کی رخصت، پینشن اور مراعات سے متعلق ہیں۔

مزید پڑھیں: وفاقی آئینی عدالت کا بڑا فیصلہ، 1985 سے جاری جائیداد تنازع ختم

ان ہی قواعد کے تحت دونوں عدالتوں کے چیف جسٹس اپنے اپنے اداروں کے دیگر ججوں کی رخصت منظور یا مسترد کرنے کے مجاز ہیں۔

وہ پہلے سے منظور شدہ رخصت منسوخ یا اس کی مدت میں کمی بھی کر سکتے ہیں۔

اپریل 2025 میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے چین کے شہر ہانگ ژو میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی سپریم کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی 20ویں کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی تھی۔

اسی سال جون میں جسٹس امین الدین خان نے روس میں منعقدہ 14ویں سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل لیگل فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp