وزیر قانون کی جانب سے مسلم لیگ ن کے مرحوم رکن اسمبلی محمود بشیر ورک کو خراج عقیدت پیش

منگل 13 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں سابق رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں مشکل حالات کے باوجود اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا اور نہ ہی انہیں مایوس کیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ محمود بشیر ورک نے 5 مرتبہ رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور مسلم لیگ (ن)  کی جانب سے حکومتی ذمہ داریاں بھی احسن انداز میں نبھائیں۔ ان کی پارلیمانی خدمات اور سیاسی کردار قابلِ تحسین ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیاست کا ایک تاریخی باب بند، 5 بار رکن قومی اسمبلی رہنے والے محمود بشیر وِرک انتقال کر گئے

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ان کے مرحوم استاد خواجہ جاوید اور محمود بشیر ورک ایک دوسرے کے قریبی دوست تھے۔ انہوں نے بتایا کہ قانون کی تعلیم لاہور سے مکمل کرنے کے بعد انہوں نے فوجداری وکالت سے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کیا، جہاں انہیں محمود بشیر ورک سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔

ان کا کہنا تھا کہ محمود بشیر ورک نے انہیں رواداری، محبت، لوگوں سے میل جول، پیشہ ورانہ آداب اور مشکل ترین حالات میں بھی مسکرا کر مصیبتوں کا سامنا کرنے کا سلیقہ سکھایا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں محمود بشیر ورک نے پارٹی اور حکومت کی ذمہ داریاں سرخرو ہوکر نبھائیں۔ بطور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا اور کئی حساس معاملات میں بردباری اور اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگی رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ انتقال کر گئے

وفاقی وزیر قانون کے مطابق گزشتہ سال ایک انتہائی نازک معاملے اور آئینی فیصلوں کے خلاف نظرِ ثانی کی درخواستوں کے دوران محمود بشیر ورک نے جس تحمل اور متانت سے صورتحال کو سنبھالا، وہ قابلِ تعریف تھا۔ وہ ہر رکن قومی اسمبلی کو اپنی رائے دینے کا موقع فراہم کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت قانون میں کام کرنے والے افراد بھی محمود بشیر ورک کے بارے میں اچھے خیالات رکھتے ہیں۔ جانے والے لوگ دنیا سے رخصت ہوجاتے ہیں، لیکن ان کا کردار، ان کی باتیں اور ان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محمود بشیر ورک کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ انہوں نے کہا کہ محمود بشیر ورک کی یادیں ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گی اور وہ ان کے لیے دعائیں کرتے رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp