ٹرمپ انتظامیہ نے یونان میں امریکی سفیر کمبرلی گلفوائل سے استعفیٰ مانگ لیا

منگل 13 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے یونان میں امریکی سفیر کمبرلی گلفوائل سے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ان پر ٹرمپ کے ایک حامی سے رقم مانگنے اور یونان کے دولت مند کاروباری شخصیات سے مہنگی مہمان نوازی قبول کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں، جنہیں انہوں نے مسترد کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکریٹری کیٹی زکریا نے منگل کو اپنی پہلی پریس بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ انتظامیہ نے کمبرلی گلفوائل سے استعفیٰ دینے کو کہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف آزادی صحافت کا مقدمہ، 3 بڑے خبر رساں ادارے میدان میں آگئے

یہ اعلان ایک روز بعد سامنے آیا جب صدر ٹرمپ نے تسلیم کیا تھا کہ وہ کمبرلی گلفوائل کو عہدے سے ہٹانے پر غور کررہے ہیں۔ امریکی خبر رساں ادارے فاکس نیوز کی سابق میزبان کمبرلی گلفوائل امریکی صدر کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی سابق منگیتر بھی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اچھا کام کررہی تھیں، لیکن انہیں ان کے بارے میں سامنے آنے والی خبریں پسند نہیں آئیں۔ صدر نے کہا کہ انہوں نے گلفوائل سے بات نہیں کی، تاہم اب وہ اس عہدے پر نہیں رہیں گی۔

کمبرلی گلفوائل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اپنے خلاف الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بطور سفیر اپنی کارکردگی کا دفاع کیا۔ انہوں نے امریکا کی توانائی کی برآمدات بڑھانے اور یونان کے ساتھ سیکیورٹی تعلقات مضبوط بنانے کی کوششوں کا حوالہ دیا۔

گلفوائل نے لکھا کہ یہ الزامات جھوٹے ہیں اور وہ اپنے نام، ساکھ اور دیانت داری کے دفاع کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔ انہوں نے صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر سے اپنی وفاداری کا اعادہ کیا، تاہم تسلیم کیا کہ بطور سفیر ان کی مدت ختم ہونے کے قریب ہوسکتی ہے۔

ایک لاکھ ڈالر کے قرض کی ادائیگی کا مطالبہ

کمبرلی گلفوائل کو مالی معاملات اور دولت مند کاروباری شخصیات کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے وال اسٹریٹ جرنل کی متعدد رپورٹس کے بعد بڑھتی ہوئی جانچ پڑتال کا سامنا ہے۔

اخبار کے مطابق انہوں نے جولائی 2025 میں سینیٹ سے بطور سفیر تقرری کی منظوری سے قبل ٹرمپ کے بااثر حامی ایرک ڈیٹرز سے اپنے ذاتی کریڈٹ کارڈ کے ایک لاکھ ڈالر کے قرض کی ادائیگی کرنے کو کہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وائٹ ہاؤس میں میڈیا پر پابندی، امریکی عدالت نے ٹرمپ کا حکم روک دیا

اخبار نے پیغامات کے اسکرین شاٹس شائع کرتے ہوئے رپورٹ کیا کہ گلفوائل نے ڈیٹرز کو لکھا تھا کہ ‘پیارے، براہ کرم آج ہی میرے لیے یہ کام کر دیں’۔ پیغام کے ساتھ کریڈٹ کارڈ کمپنی کو ادائیگی کرنے کی ہدایات بھی بھیجی گئی تھیں۔

ایرک ڈیٹرز نے ادائیگی سے انکار کردیا تھا۔ انہوں نے اخبار کو بتایا کہ ایسا کرنے سے ان کی ازدواجی زندگی خطرے میں پڑسکتی تھی۔

دوسری جانب گلفوائل کے وکیل نے ان پیغامات کی صداقت پر اعتراض کیا ہے اور کسی غلط کام میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

دولت مند یونانی کاروباری شخصیات کی مہمان نوازی سے متعلق رپورٹس

وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ گلفوائل نے دولت مند یونانی کاروباری شخصیات کی جانب سے فراہم کیے گئے پرتعیش دوروں اور ہوٹلوں میں قیام کے بارے میں فخر کا اظہار کیا تھا۔ اخبار نے اپنے دعوؤں کے حق میں سیکڑوں پیغامات، ای میلز، دیگر ریکارڈ اور ریکارڈ کی گئی گفتگو کا حوالہ دیا۔

رپورٹ کے مطابق گلفوائل نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے یونانی تعمیراتی کمپنی ایکٹر گروپ کے چیف ایگزیکٹو الیگزینڈروس ایکسارخو کے نجی طیارے میں سفر کیا تھا۔

اخبار نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ گلفوائل نے یونانی جہاز راں صنعت کے ارب پتی نکولس ٹساکوس کے ساتھ سوئٹزرلینڈ کے خصوصی ریزورٹ گشتاد میں کرسمس گزارا اور ان کے ساتھ پیرس کے ایک مہنگے ہوٹل میں قیام کیا، جس کا خرچ ٹساکوس نے ادا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سی این این پر پابندی کے بعد بڑے ٹی وی نیٹ ورکس کا ٹرمپ کی کوریج کے بائیکاٹ کا اعلان

امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق محکمہ خارجہ کے انسپکٹر جنرل اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں کہ آیا گلفوائل نے نامناسب تحائف یا مراعات وصول کی تھیں۔

یہ انکشافات ایسے وقت میں سامنے آئے جب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو گزشتہ ہفتے یورپ کے دورے پر تھے۔ انہوں نے ایتھنز میں قیام کے دوران ان الزامات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

کمبرلی گلفوائل صدر ٹرمپ کی تحریک ‘میک امریکا گریٹ اگین’ کی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر سے منگنی ختم ہونے کے بعد انہیں یونان میں امریکی سفیر مقرر کیا گیا تھا۔ وہ اس سے قبل پراسیکیوٹر اور ٹیلی وژن پر تبصرہ نگار کی حیثیت سے بھی کام کر چکی ہیں۔ ان کی سابقہ شادی کیلیفورنیا کے ڈیموکریٹک گورنر گیون نیوسم سے ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp