وزیرِ خزانہ کی آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات، معاشی پیشرفت اور اصلاحاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال

بدھ 14 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، اقتصادی پیش رفت اور اصلاحاتی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہاکہ معاشی اصلاحات کی کامیابی کے لیے مضبوط سیاسی عزم اور ان پر مستقل بنیادوں پر عمل درآمد نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے پاکستان کی بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں واپسی اور سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت کو بھی اجاگر کیا۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر کو کمزور طبقات کے تحفظ اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے ہدفی فیول سبسڈی اقدامات سے آگاہ کیا۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، مسلسل 3 سال بنیادی مالیاتی سرپلس حاصل کرنے اور مجموعی قومی پیداوار کے تناسب سے قرضوں میں کمی کو بھی ملکی معیشت کی اہم پیش رفت کے طور پر نمایاں کیا۔

ملاقات میں پائیدار معاشی ترقی، اقتصادی پالیسیوں میں تسلسل اور مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ مالیاتی نظم و ضبط کے ساتھ صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لیے مختص اخراجات کا تحفظ بھی یقینی بنایا جائے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نائجل کلارک کی جانب سے زرمبادلہ کے مناسب ذخائر برقرار رکھنے اور محصولات میں اضافے کی اہمیت پر زور دینے کا بھی ذکر کیا۔

ملاقات میں اس بات کی اہمیت اجاگر کی گئی کہ محصولات میں اضافے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مناسب سطح پر برقرار رکھنے سے انسانی سرمائے کی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لیے ضروری مالی وسائل مہیا کیے جاسکیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp