وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن‘ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں بصارت سے محروم افراد کی ہمت، حوصلے، لگن اور جذبہ و ولولے کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت صوبے بھر میں خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور انہیں معاشرے کا خودمختار شہری بنانے کے لیے انتہائی خلوص اور جذبے کے ساتھ عملی اقدامات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری اولین ترجیح، صدرِ مملکت کا ‘سفید چھڑی کے عالمی دن’ کے موقع پر پیغام
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سفید چھڑی کا عالمی دن بصارت سے محروم لاکھوں افراد کے وقار کو اجاگر کرنے کا دن ہے۔ یہ چھڑی نہ صرف ان کی شناخت ہے بلکہ انہیں روزمرہ زندگی میں مکمل خودمختاری کے ساتھ آگے بڑھنے کے قابل بناتی ہے۔
انہوں نے بصارت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود کے لیے ان کے اہلخانہ اور متعلقہ خصوصی اداروں کی خلوصِ نیت اور گراں قدر خدمات کو بھی بھرپور انداز میں سراہا۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ زندگی کے ہر شعبے میں بصارت سے محروم خصوصی افراد کی شاندار کامیابیاں بھرپور تحسین کی مستحق ہیں اور حکومت کو ان تمام باصلاحیت افراد کے نمایاں سنگِ میل پر فخر ہے۔
یہ بھی پڑھیے ایک لاکھ سے زائد بصارت سے محروم افراد کی بینائی لوٹانے والے نیپالی ڈاکٹر کون ہیں؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دن معاشرے میں بصارت سے محروم افراد کے مسائل اور حقوق کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں بھی انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔














