نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے قومی شناختی کارڈ پر نام تبدیل کروانے کے خواہش مند شہریوں کے لیے طریقہ کار، ضروری دستاویزات اور مختلف کیٹیگریز کی فیسوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
نادرا کے مطابق شہری چند آسان مراحل مکمل کرکے اپنے قومی شناختی کارڈ پر نام تبدیل کروا سکتے ہیں، جبکہ اس مقصد کے لیے دستاویزات کی فوٹوکاپیاں جمع کروانے کی بھی ضرورت نہیں۔
نام کی تبدیلی کے لیے کون سی دستاویزات ضروری ہیں؟
نادرا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ شناختی کارڈ پر نام تبدیل کروانے کے لیے شہری کو درخواست کے ساتھ تبدیل شدہ نام پر مشتمل کمپیوٹرائزڈ پیدائش سرٹیفکیٹ کا سی آر ایم ایس نمبر فراہم کرنا ہوگا۔
یہ پیدائش سرٹیفکیٹ متعلقہ یونین کونسل، میونسپل کمیٹی یا کنٹونمنٹ بورڈ سے تصدیق شدہ ہونا چاہیے۔
نادرا کے مطابق اگر کوئی شہری مذہب تبدیل کرنے کے باعث اپنا نام تبدیل کروانا چاہتا ہے تو اسے دارالافتاء کا سرٹیفکیٹ بھی فراہم کرنا ہوگا۔
ادارے نے واضح کیا ہے کہ قومی شناختی کارڈ پر نام کی تبدیلی کی اجازت زندگی میں صرف ایک مرتبہ دی جاتی ہے، تاہم شادی کے بعد نام تبدیل کرنے کی خواہش مند خواتین کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی دستاویز کی فوٹوکاپی ساتھ لانے کے بجائے نادرا یا یونین کونسل کی جانب سے جاری کردہ متعلقہ دستاویزات کے نمبر اپنے ہمراہ رکھیں۔
شناختی کارڈ پر نام تبدیل کروانے کے لیے کن مراحل سے گزرنا ہوگا؟
نادرا نے نام کی تبدیلی کے لیے درج ذیل طریقہ کار بتایا ہے۔
پہلا مرحلہ: ٹوکن کا حصول
درخواست گزار کو سب سے پہلے نادرا دفتر سے ٹوکن حاصل کرنا ہوگا۔
دوسرا مرحلہ: بائیو میٹرک تصدیق
ٹوکن حاصل کرنے کے بعد درخواست گزار کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔
تیسرا مرحلہ: کوائف کا اندراج
اس مرحلے میں درخواست گزار اپنے کوائف درست کروا کر درج کروائے گا، جبکہ اس کی تصویر اور انگلیوں کے نشانات بھی لیے جائیں گے۔
چوتھا مرحلہ: درخواست کی منظوری
کوائف کے اندراج کے بعد نام کی تبدیلی کی درخواست منظوری کے مرحلے میں داخل ہوگی۔ نادرا کے مطابق شناختی کارڈ میں ترمیم کے لیے درخواست فارم کی الگ سے تصدیق کروانے کی ضرورت نہیں ہے۔
پانچواں مرحلہ: فیس کی ادائیگی
درخواست منظور ہونے کے بعد شہری کے فراہم کردہ موبائل نمبر پر منظوری کا پیغام موصول ہوگا، جس کے بعد منتخب کیٹیگری کے مطابق نادرا دفتر یا آن لائن فیس ادا کی جاسکے گی۔
شناختی کارڈ پر نام کی تبدیلی کی فیس کتنی ہے؟
نادرا نے نام کی تبدیلی کے لیے 3 مختلف کیٹیگریز کی فیس اور شناختی کارڈ کی فراہمی کا دورانیہ بھی بتایا ہے۔
ایگزیکٹو کیٹیگری: 2500 روپے فیس، شناختی کارڈ 7 دن میں فراہم کیا جائے گا۔
ارجنٹ کیٹیگری: 1500 روپے فیس، شناختی کارڈ 15 دن میں فراہم کیا جائے گا۔
نارمل کیٹیگری: 750 روپے فیس، شناختی کارڈ 30 دن میں فراہم کیا جائے گا۔
نیا شناختی کارڈ کہاں سے ملے گا؟
نادرا کے مطابق درخواست گزار منتخب کردہ کیٹیگری کی مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد اسی نادرا دفتر سے اپنا نیا قومی شناختی کارڈ وصول کرسکے گا جہاں اس نے درخواست جمع کروائی تھی۔











