بلیو پاسپورٹس کی تعداد پاکستان کی عالمی رینکنگ پر اثر انداز ہوتی ہے، طلال چوہدری

پیر 19 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بلیو پاسپورٹس کی تعداد پاکستان کی عالمی پاسپورٹ رینکنگ پر اثر انداز ہوتی ہے، اسی لیے 75 ہزار بلیو پاسپورٹس کی تعداد کم کرکے 45 ہزار تک لائی گئی اور تقریباً 30 ہزار پاسپورٹس ختم کیے گئے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے ایک بل میں تجویز دی گئی تھی کہ سابق پارلیمان کے ارکان کے بچوں کو صرف اس بنیاد پر بلیو پاسپورٹ دیے جائیں کہ گریڈ 22 کے سیکریٹریز کے بچوں کو یہ سہولت حاصل ہے، تاہم انہوں نے اس تجویز کی مخالفت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سابق ارکانِ پارلیمنٹ کے بچوں کو بلیو پاسپورٹ دینے کے بل پر تنقید، طلال چوہدری کی وضاحت

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ بلیو پاسپورٹس سابق پارلیمان کے ارکان کے بچوں کو دینے کے بجائے ان لوگوں سے بھی واپس لیے جانے چاہییں جنہیں یہ سہولت حاصل ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بلیو پاسپورٹ پاکستان کی پاسپورٹ رینکنگ پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ مختلف ممالک کے ساتھ ریڈ، بلیو اور عام پاسپورٹس کے حوالے سے معاہدے ہوتے ہیں، جن سے پاکستان کی پاسپورٹ رینکنگ بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سے 2 سال کے دوران یورپ اور خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کے لیے بلیو اور ریڈ پاسپورٹس پر ویزا فری داخلے کی سہولت حاصل کی گئی ہے۔ کینیڈا سمیت یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مذاکرات میں سب سے پہلے پاسپورٹس کی تعداد سے متعلق سوال اٹھایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق ارکانِ پارلیمنٹ کو بلیو پاسپورٹ دینے کا بل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی سے منظور

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بلیو پاسپورٹس کی تعداد 75 ہزار ہونے کے باعث بعض ممالک معاہدے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔ اس تعداد کو پہلے ہی کم کرکے 45 ہزار تک لایا جاچکا ہے اور 30 ہزار بلیو پاسپورٹس ختم کیے گئے ہیں۔

طلال چوہدری نے واضح کیا کہ یہ معاملہ کسی فرد کی ذاتی سہولت کا نہیں بلکہ پاکستان کے وقار کا ہے، کیونکہ پاسپورٹ کے ساتھ پاکستان کی عزت جڑی ہوئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp