بھارت میں مشتبہ طور پر ریبیز سے متاثرہ گائے کا دودھ پینے کے بعد 450 افراد کو احتیاطی طور پر ریبیز کی ویکسین لگادی گئی۔ ان افراد نے درگا پوجا کے دوران گائے کے دودھ سے تیار کردہ ’چرن امرت‘ پیا تھا۔ گائے کی موت کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی۔
اتر پردیش کے ضلع گورکھپور کے گاؤں دادی خاص میں محکمہ صحت نے ویکسینیشن کیمپ لگایا۔ حکام کے مطابق منگل کو 50 افراد کو کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں ویکسین دی گئی، جبکہ بدھ کو کیمپ کے دوران مزید 400 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
450 people received anti rabies vaccinations in India after consuming prasad made from the milk of a cow having rabies. pic.twitter.com/7N7toIqZ6a
— 🚨Indian Gems (@IndianGems_) October 22, 2026
میڈیا رپورٹس کے مطابق گائے کے مالک نوامی یادو نے بتایا کہ جانور ایک دو روز سے بیمار تھا اور منگل کو اس کی حالت مزید بگڑ گئی۔ نجی اور سرکاری ویٹرنری ڈاکٹروں سے معائنے کے بعد شبہ ظاہر کیا گیا کہ ہو سکتا ہے کہ گائے کو آوارہ کتے نے کاٹا ہو۔ مالک کے مطابق گائے کا رویہ غیر معمولی ہوگیا تھا اور وہ بھونکنے لگی تھی، جس کے بعد منگل کی شام اس کی موت ہوگئی۔
گائے کا دودھ 2 دکانوں اور کئی گھروں کو بھی فراہم کیا گیا تھا، جس کے باعث دادی خاص اور قریبی گاؤں گووندپور کے رہائشیوں میں تشویش پیدا ہوئی۔ حکام نے واضح کیا کہ صرف علامات کی بنیاد پر ریبیز کی تصدیق نہیں کی جاسکتی، اس کے لیے مناسب طبی جانچ ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرگڑھ میں سفاکیت کی انتہا، نامعلوم افراد نے گائے کی زبان کاٹ دی
کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے انچارج نے متاثرہ افراد کو طبی ماہرین سے مشورہ کرنے اور ویکسین کے مقررہ شیڈول پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دودھ اچھی طرح ابال کر پینے اور کچا دودھ استعمال نہ کرنے کا مشورہ بھی دیا۔











