بلوچستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 9 دہشتگرد ہلاک

بدھ 28 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں سیکیورٹی فورسز کی 2 الگ الگ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 9 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 26 اکتوبر 2026 کو بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کی گئیں، جن کا تعلق بھارتی پراکسی تنظیم ’فتنہ الہندوستان‘ سے بتایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز، فتنہ الہندوستان کے 33 دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع وڈھ میں ایک اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں روک لیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں مزید 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

مزید پڑھیں: آپریشن ردالفتنہ3، بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی زبردست کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 48 دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔

ترجمان کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، جس کا مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp