غزہ میں اسرائیلی جنگ کے دوران زخمی فلسطینیوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر آدم حموی امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن منتخب ہوگئے ہیں۔ وہ ریاست نیو جرسی سے منتخب ہونے والے پہلے مسلمان رکنِ کانگریس بن گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی ڈالر ایک ماہ کی کم ترین سطح پر، مڈٹرم انتخابات کے بعد مارکیٹس میں ہلچل
ڈیموکریٹ امیدوار آدم حموی نے منگل کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں نیو جرسی کے 12ویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے ری پبلکن امیدوار گریگ میل کو شکست دی۔ وہ ریٹائر ہونے والی رکنِ کانگریس بونی واٹسن کولمین کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
قاہرہ میں پیدائش، امریکا میں پرورش
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پیدا ہونے والے آدم حموی کی عمر صرف 7 ماہ تھی جب ان کا خاندان امریکا منتقل ہوگیا۔ خاندان پہلے جرسی سٹی میں آباد ہوا، بعد ازاں نیو جرسی کے علاقے اولڈ برج منتقل ہوگیا، جہاں حموی نے پرورش پائی۔
انہوں نے رٹگرز یونیورسٹی سے طب کی تعلیم حاصل کی اور اسی جامعہ سے ایم بی اے کیا۔ بعد ازاں وہ 8 سال تک امریکی فوج میں سرجن کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ عراق جنگ کے دوران انہوں نے بغداد کے 31ویں جنگی معاون اسپتال میں 9 ماہ تعیناتی کے دوران سینکڑوں فوجیوں اور شہریوں کے آپریشن کیے۔
عراق جنگ میں امریکی سینیٹر کی جان بچائی
عراق میں ان کے زیرِ علاج افراد میں امریکی ریاست الینوائے کی سینیٹر ٹیمی ڈک ورتھ بھی شامل تھیں، جن کا ہیلی کاپٹر 2004 میں مار گرایا گیا تھا۔ ٹیمی ڈک ورتھ نے اپنی جان بچانے میں حموی کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی انتخابی مہم کی حمایت بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی مڈ ٹرم انتخابات: ڈیموکریٹس کے متعدد بڑے اپ سیٹ، کینساس میں 94 سال بعد کامیابی
حموی نے 2011 میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے سے فوجی ملازمت سے ریٹائرمنٹ لی اور 2013 میں پرنسٹن میں پلاسٹک اور بحالیِ جراحی کا کلینک قائم کیا۔
دنیا کے مختلف بحران زدہ علاقوں میں طبی خدمات
ان کی رضاکارانہ طبی خدمات کا آغاز 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد نیویارک میں امدادی سرگرمیوں سے ہوا۔ بعد ازاں وہ شام، لبنان، سوڈان، اردن، ترکیہ، بوسنیا، ہیٹی اور کولمبیا سمیت مختلف بحران زدہ علاقوں میں طبی خدمات فراہم کرتے رہے۔
غزہ میں 3 ہفتے قیام، 120 آپریشن کیے
مئی 2024 میں وہ 19 رکنی طبی ٹیم کے ہمراہ غزہ پہنچے، جہاں انہوں نے خان یونس کے قریب یورپی اسپتال میں تقریباً 3 ہفتے خدمات انجام دیں۔ اس دوران ٹیم نے 120 آپریشن کیے، جن میں نصف سے زیادہ بچوں کے تھے۔ مشن کے دوران وہ غزہ میں پھنس بھی گئے تھے۔
حموی 2025 میں دوبارہ غزہ گئے، جہاں انہوں نے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے فلسطینی امریکی طبی انجمن کے ساتھ کام کیا۔ 2024 میں غزہ سے واپسی کے بعد انہوں نے وائٹ ہاؤس اور امریکی کانگریس کے حکام سے ملاقاتیں کرکے وہاں اپنی آنکھوں دیکھی صورتِ حال بیان کی۔
غزہ کے تجربات نے سیاست میں آنے پر آمادہ کیا
سیاست میں آنے کے حوالے سے حموی کا کہنا تھا کہ سیاست کبھی ان کا منصوبہ نہیں تھی، تاہم غزہ میں اپنے تجربات نے انہیں انتخابی سیاست میں حصہ لینے پر آمادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی انتخابات میں 5 پاکستانی نژاد امیدوار کامیاب، مختلف ریاستوں میں نشستیں جیت لیں
انتخابی مہم کے دوران انہوں نے سب کے لیے صحت کی سہولتوں، اسرائیل کے لیے امریکی فوجی امداد ختم کرنے، طبی اور تعلیمی قرضے منسوخ کرنے اور امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ ادارے کے خاتمے کی حمایت کی۔
حموی نے رواں سال جون میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار کے انتخاب کے لیے ہونے والے مقابلے میں 11 دیگر امیدواروں کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔











