الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا عمل تا حکمِ ثانی روک دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 140-اے کی معطلی کے باعث صوبے کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل، الیکشن کمیشن کا اعلان
الیکشن کمیشن کی جانب سے 5 نومبر 2026 کو جاری پریس ریلیز کے مطابق کمیشن نے خیبرپختونخوا میں ان اضلاع کے علاوہ جہاں گورنر راج اور ایمرجنسی کے بعد آئین کا آرٹیکل 140-اے معطل کیا گیا تھا، بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات بھی شروع کردیے گئے تھے۔
پریس ریلیز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 4 نومبر 2026 کو جاری کردہ آرڈر نمبر 3 کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکم نامے کی شق نمبر 2 زیرغور آئی، جس کے تحت آئین کے آرٹیکل 140-اے کی معطلی کا اطلاق پہلے سے مخصوص اضلاع کے علاوہ صوبے کے دیگر تمام اضلاع تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 140-اے صوبوں میں مقامی حکومتوں کے قیام سے متعلق ہے، جبکہ اس کی ذیلی شق 2 کے تحت مقامی حکومتوں کے انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں:امریکی الیکشن کمیشن کا نظام ہیکنگ کی کوشش کے بعد بند ہوگیا
پریس ریلیز کے مطابق کمیشن نے آرٹیکل 140-اے کی دیگر اضلاع میں بھی معطلی کے بلدیاتی انتخابات کے جاری عمل پر اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت کے حکم نامے کے باعث خیبرپختونخوا کے باقی اضلاع میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔
الیکشن کمیشن نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے اب تک کیے گئے تمام اقدامات تا حکمِ ثانی روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔










