رونالڈو نے پرتگال کی ٹیم کو خیرباد کیوں کہا؟ بہن کے پیغام نے کئی سوالات کھڑے کر دیے

جمعہ 6 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ان کی بہن کاتیا ایویرو کے بیان نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

رونالڈو کے کو پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے کچھ ہی دیر بعد ان کی بہن کاتیا ایویرو نے انسٹاگرام پر متعدد اسٹوریز شیئر کیں جن میں انہوں نے اپنے بھائی کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کیا اور پرتگال کے لیے ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

تاہم ان کے ایک بیان نے خاصی توجہ حاصل کی، جس میں انہوں نے لکھا’’میں بہت کچھ کہہ سکتی ہوں لیکن وقت یقیناً ہر چیز کو آشکار کر دے گا۔‘‘

کاتیا نے رونالڈو کو ایک عظیم کھلاڑی اور لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام مشکلات اور جدوجہد سے واقف ہیں جن سے ان کے بھائی گزرے اور انہوں نے اپنے ملک کے لیے کتنی قربانیاں دیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو کا ریٹائرمنٹ کا اعلان، الوداعی پیغام میں کیا کہا؟

تاہم انہوں نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کن معاملات کی جانب اشارہ کر رہی ہیں اور نہ ہی کسی شخصیت یا ادارے پر براہِ راست الزام عائد کیا۔

رونالڈو کی ریٹائرمنٹ کے پیچھے کیا وجہ ہے؟

کاتیا ایویرو کے بیان کو رونالڈو کی ریٹائرمنٹ سے قبل پیش آنے والے بعض واقعات کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور پرتگال کے کوچ جارج جیسس کے درمیان نیشنز لیگ میں ناروے کے خلاف میچ کے دوران اختلافات سامنے آئے تھے جب اسٹار فٹ بالر کو ابتدائی ٹیم میں شامل کرنے کے بجائے بینچ پر بٹھایا گیا تھا۔

بعد ازاں رونالڈو مبینہ طور پر اجازت کے بغیر قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر چلے گئے جس کے نتیجے میں انہیں 30 روز کی معطلی اور 255 یورو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: کرسٹیانو رونالڈو پر ایک ماہ کی پابندی، جرمانہ بھی عائد، وجہ کیا بنی؟

تاہم انہوں نے بعد میں اپنے رویے پر معذرت کی اور واضح کیا کہ وہ ابھی بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں رکھتے۔ اس واقعے کے محض ایک ماہ بعد ان کی جانب سے قومی ٹیم سے علیحدگی کے اعلان نے مداحوں کو حیران کر دیا۔

دوسری جانب پرتگال کے کوچ جارج جیسس نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے رونالڈو کو قومی ٹیم کے لیے کھیلنا جاری رکھنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ پرتگالی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے جارج جیسس کا کہنا تھا کہ انہوں نے رونالڈو سے کہا تھا کہ قومی ٹیم کو اب بھی ان کی ضرورت ہے اور انہیں اپنی خدمات جاری رکھنی چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’مجھ سے بہتر کوئی نہیں‘، کرسٹیانو رونالڈو کے دعوے نے نئی بحث چھیڑ دی

کوچ نے مزید کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ مکمل طور پر رونالڈو کا ذاتی فیصلہ تھا۔ انہوں نے پرتگالی فٹ بال کے لیے اسٹار کھلاڑی کی غیر معمولی خدمات کو بھی سراہا۔

کاتیا ایویرو کے پراسرار پیغام کے بعد یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ آیا ان کا اشارہ کوچ کے ساتھ اختلافات کی جانب تھا یا ریٹائرمنٹ کے پس منظر میں کوئی اور معاملہ بھی موجود ہے۔ تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی واضح تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے 23 سالہ بین الاقوامی کیریئر میں 234 میچز کھیل کر 146 گول اسکور کیے۔ ان کی قیادت میں پرتگال نے 2016 میں یورپین چیمپئن شپ (یورو) اور دو مرتبہ یوئیفا نیشنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp