چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیّد عاصم منیر 2 روزہ سرکاری دورے پرایران پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ایران کی اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
جمعہ کو افواج پاکستان کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل سید عاصم منیر اسلامی جمہوریہ 2 روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ’ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیراپنے 2 روزہ دورہ ایران کے دوران ایران کی فوجی اور سول قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں جنرل عاصم منیر ایرانی حکام سے دفاع اور سیکیورٹی تعاون سے متعلق دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
تہران روانگی سے قبل آرمی چیف نے کوئٹہ گریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فوجی افسران سے خطاب کیا۔ خطاب میں انہوں نے افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ پناہ گاہوں پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال ہونے سے روکے، اور دوحہ معاہدے کے تحت مؤثر اقدامات اٹھائے۔