کوئی چاہے نہ چاہے انتخابات تو ہوں گے، بلاول بھٹو

پیر 11 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوئی چاہے نہ چاہے انتخابات تو ہوں گے، 90 نہیں تو 100 دن یا 120 دن سہی مگر انتخابات ہوں گے۔

سکھر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ ہم کچھ نہیں کرتے، بالکل یہ درست ہے کہ پیپلزپارٹی اشرافیہ کے لیے کچھ نہیں کرتی، بلکہ ملک کے غریب عوام کی خدمت کی جاتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکال سکتی ہے، تاریخ گواہ ہے کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کی تقدیر بدلی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ ہم نے عام آدمی کو سہولیات فراہم کی ہیں، سکھر میں دل اور گردے کے علاج کے لیے اسپتال بنائے گئے ہیں، پورے پنجاب میں گردے کے علاج کا ایک اسپتال بنا ہے۔ ہم تو اب سکھر میں کینسر کے مفت علاج کے لیے بھی اسپتال بنا رہے ہیں۔

ملک میں تاریخی مہنگائی کا ہمیں احساس ہے

بلاول بھٹو نے کہاکہ عوام انتخابات میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ غریب دوست حکومت کا قیام عمل میں آ سکے، ہمیں احساس ہے کہ اس وقت پاکستان کے عوام کو تاریخی مہنگائی کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت نوجوان قیادت کی ضرورت ہے، عوام مجھے موقع دیں کبھی مایوس نہیں کروں گا۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو جہاں 90 روز میں عام انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں وہیں انہوں نے عوامی اجتماعات سے خطاب بھی شروع کر دیے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے مطابق بلاول بھٹو نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پارٹی کے موقف کے برخلاف اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نئی مردم شماری کے بعد حلقہ بندیوں کا پابند ہے۔ ’آصف زرداری نے اپنے بیان میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبران پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے‘۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp