نائلہ کیانی، مناسلو چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں

جمعرات 21 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوہ پیما نائلہ کیانی نے دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ’مناسلو‘ سر کرنے پہلی پاکستانی خاتون کا اعزاز حاصل کرلیا۔

مناسلو کی چوٹی نیپال کے مغربی علاقے میں واقع ہے۔ اس کی بلندی 8163 میٹر(26781 فٹ) ہے۔

نائلہ کیانی واحد پاکستانی خاتون کوہ پیما ہیں جنہوں نے 8000 میٹر سے بلند 9 چوٹیاں سر کی ہیں۔ ان میں براڈ پیک(8047 میٹر)، اناپرانا(8091 میٹر)، کےٹو(8611 میٹر)، لہوسے(8516 میٹر)، گاشر برم 1( 8068 میٹر)، گاشر برم 2(8035 میٹر)، نانگا پربت(8125 میٹر) اور ماؤنٹ ایورسٹ(8849 میٹر) شامل ہیں۔

واضح رہے کہ نائلہ کیانی 2 بچوں کی ماں ہیں اور دوبئی کے ایک بینک میں ملازمت کرتی ہیں۔ انہیں بحیثیت کوہ پیما تب شہرت ملی جب 2018 میں انہوں نے کے ٹو بیس کیمپ سے اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں اور یہ تصاویر خوب وائرل ہوئی تھیں۔

حکومت پاکستان نے نائلہ کیانی کو امسال مئی میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے پر پاکستان کے تیسرے بڑے سول اعزاز ’ ستارہ امتیاز‘ سے نوازا۔

ایک انٹرویو کے دوران، نائلہ کا کہنا تھا: ’ کبھی یہ نہ سوچیں کہ کچھ بھی ناممکن ہے۔ میں نے صرف 2 سال پہلے کوہ پیمائی شروع کی تھی، اور صرف 2 برسوں میں، اب میں پاکستان کے کامیاب ترین کوہ پیما میں سے ایک ہوں‘۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp