سعودی عرب میں سیاحوں کے لیے ہیلتھ انشورنس پالیسی کی اب زیادہ سے زیادہ حد ایک لاکھ ریال ہو گی۔
سعودی اخبار ’عکاظ‘ کے مطابق سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل نےغیر ملکی سیاحوں کے بارے میں ہیلتھ پالیسی کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔
انشورنس پالیسی کی دستاویز کے مطابق غیرملکی سیاحوں کو صحت کے ضمن میں مختلف سروسز فراہم کی جائیں گی جن کی مجموعی طور پر زیادہ سے زیادہ حد ایک لاکھ ریال ہو گی۔
پالیسی کے مطابق سیاحوں کو ہیلتھ انشورنس کے تحت اب صرف ہنگامی سروسز ہی فراہم کی جائیں گی۔
ہیلتھ انشورنس کونسل کا کہنا ہے کہ صحت کے ضمن میں ہنگامی سروسز میں طبی معائنہ، بیماری کی تشخیص،علاج، دوائیں اور پری میچور بچوں کی ضروریات شامل ہیں۔
ہنگامی حالات میں دانتوں کی ٹریٹمنٹ بھی شامل ہوگی۔ دانتوں کی فلنگ، فضائی ایمبولینس، زچگی اور حمل، ٹریفک حادثات، ہنگامی ڈائیلائسز اور میت کو وطن پہنچانا شامل ہے۔
واضح رہے کہ غیرملکی سیاحوں کی ہیلتھ انشورنس ویزے کے اجرا کی تاریخ سے موثر ہو گی۔