ژوب میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں میجر اور حوالدار شہید، 5 دہشت گرد ہلاک

منگل 10 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں ایک میجر اور حوالدار شہید ہو گئے جب کہ سیکیورٹی فورسز نے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

افواجِ پاکستان کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 8 اور 9 اکتوبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس  اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرلیا اس دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر شدید فائرنگ کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

 آئی ایس پی آر  کے بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں میجر سید علی رضا شاہ (عمر 31 سالہ جو ضلع سرگودھا کے رہائشی تھے) اور حوالدار نثار احمد (عمر 38 سالہ جو ضلع وہاڑی کے رہائشی تھے) نے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔

 بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز اپنے بہادر جوانوں کی دلیری پر فخر کرتی ہیں اور مادر وطن کے لیے ان کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔ ہمارے جوانوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ جوانوں کی ان قربانیوں کے نتیجے میں ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے ہمارے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔

 بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے ارد گرد کے علاقوں میں آپریشن جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp