خضدار کسٹمز کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز، گزشتہ ایک ماہ کے دوران 24 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا غیرملکی سامان برآمد کرلیا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی ہدایت پر کسٹمز حکام نے ملک بھر میں اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ اس ضمن میں خضدار کسٹمز گزشتہ ایک ماہ کے دوران کی جانے والی کارروائیوں سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق خضدار کسٹمز نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران ریکارڈ کارروائیاں کرتے ہوئے ملک میں اسمگل ہونے والا 24 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان برآمد کیا ہے جس میں میں چینی، یوریا کھاد، سیگریٹ، کپڑا، آٹو اسپیئر پارٹس، چھالیہ، پان پراگ، ٹائرز، نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور دیگر سامان شامل ہے۔
مزید پڑھیں
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ رات سوراب کے مقام پر پنجگور سے آنے والی مسافر بسوں سے بڑی تعداد میں غیر ملکی سامان بھی قبضے میں لیا گیا ہے جس میں خشک دودھ اور دہی، ڈیٹرجنٹ پاؤڈر، موٹر آئل اور کاسمٹیکس مصنوعات شامل ہیں۔ ایک اور کارروائی میں کوڑکھیڑا چیک پوسٹ پر تعینات حکام نے غیرملکی پیٹرول اور ڈیزل بھی برآمد کیا ہے۔
ترجمان کسٹمز کوئٹہ ڈاکٹر عطا بڑیچ نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت کے احکامات پر صوبے میں اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کی گئی ہیں اور اس دوران خضدار کسٹمز کو ایک ماہ میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ گزشتہ ماہ خضدار، سوراب اور کوڑکھیڑا چیک پوسٹوں پر کسٹمز اہلکاروں نے چیکنگ کے دوران بڑے پیمانے پرکارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسمگل شدہ سامان برآمد کیا ہے۔
ترجمان کسٹمز کے مطابق خضدار، کوڑکیھڑا اور سوراب چیک پوسٹیں 2 بڑی اور اہم شاہراہیں کے قریب قائم ہیں جن میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ این 25 اور گوادر پنجگور قومی شاہراہ شامل ہیں۔ ان شاہراہوں کے ذریعے اسمگل کیا گیا سامان کراچی منتقل کیا جاتا ہے۔