گورنر اسٹیٹ بینک کی بیجنگ کے ساتھ دو طرفہ تجارت میں چینی کرنسی کے استعمال کی تجویز

جمعہ 27 اکتوبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری لین دین کے لیے چینی کرنسی (آر ایم بی) کے استعمال کی تجویز دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ایسا کرنے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط اور دیرپا بنایا جا سکتا ہے۔

چینی کرنسی میں کاروبار کے لیے ضروری فریم ورک کا قیام

گورنر اسٹیٹ بینک نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے معاشی تعلقات کی اہمیت کے پیش نظر اسٹیٹ بینک نے ضروری ضوابطی فریم ورک قائم کردیا ہے جو تجارت اور سرمایہ کاری کے لین دین میں چینی کرنسی جسے آر ایم بی بھی کہا جاتا ہے کے استعمال میں سہولت فراہم کرتا ہے، جیسے ایل سی کھولنا اور آر ایم بی میں فنانسنگ سہولتیں حاصل کرنا۔

کیا چینی کرنسی دیگر ملکوں کی کرنسیوں سے بہتر ہے؟

 

جمیل احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ضوابط کے لحاظ سے آر ایم بی کا دیگر بین الاقوامی کرنسیوں جیسے امریکی ڈالر، یورو اور جاپانی ین سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان میں سرکاری اور نجی شعبے کے کاروباری اداروں دونوں کو دوطرفہ تجارتی اور سرمایہ کارانہ سرگرمیوں کے لیے آر ایم بی کے استعمال کی پوری اجازت ہے۔

چینی کرنسی کی بدولت درآمدات میں اضافہ

انہوں نے بتایا کہ چین کے ساتھ تجارت میں آر ایم بی کے استعمال کو فروغ دینے کی مرکزی بینک کی کوششوں کے نتیجے میں چین سے آر ایم بی میں پاکستانی درآمدات جو مالی سال 18ء میں تقریباً 2 فیصد تھیں ،مالی سال 22ء میں بڑھ کر لگ بھگ 18 فیصد ہوگئیں۔

چینی کرنسی میں کاروبار کے فائدے

جمیل احمد نے مقامی آر ایم بی کلیئرنگ سسٹم اور تجارت کو آر ایم بی میں انجام دینے کے فوائد کا بھی ذکر کیا جن میں اس میں صَرف ہونے والا کم وقت، مقامی بینکاری نظام کے لیے لاگت میں کمی، مقامی بینکاری نظام کے لیے آر ایم بی تصفیے تک آسان رسائی، دوطرفہ تجارتی لین دین کی قیمتوں میں بہتری اور ان کی مسابقت کا بہتر ہونا اور پاکستانی کاروبار کے لیے نئی منڈیوں کا کھلنا شامل ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے اس بات پر زور دیا کہ آر ایم بی میں لین دین کے لیے بینک صارفین کو چین میں ضوابطی فریم ورک سے متعلق ضروری معلومات فراہم کرکے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کاروباری ادارے چینی منڈی کے بارے میں اپنی سوجھ بوجھ بڑھائیں گے اور زیادہ مسابقتی نرخوں پر آر ایم بی میں تجارت کرنے کے فوائد کا جائزہ لیں گے۔

صارفین اور کاروباری افراد کے فائدے کی بات

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ مقامی آر ایم بی کلیئرنگ سسٹم قائم کرنے کا یہ اقدام چین پاکستان تعلقات کے لیے بالعموم اور پاکستان کی معیشت اور بینکاری نظام کے لیے بالخصوص مفید ہوگا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسٹیٹ بینک صارفین اور کاروباری اداروں کے باہمی فائدے کی خاطر چین کے ساتھ معاشی اور مالی تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے پالیسی اور ضوابطی تعاون فراہم کرتا رہے گا۔

گورنر اسٹیٹ بینک جناح کنونشن سینٹر اسلام آمیں آئی سی بی سی بینک کے زیر اہتمام ’’سرحد پار سیٹلمنٹ میں آر ایم بی کے استعمال کی ترویج‘‘ کے موضوع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ تقریب پاکستان میں پیپلز بینک آف چائنا (پی بی او سی) کی جانب سے آر ایم بی کے کلیئرنگ ایجنٹ کے طور پر بینک کے تعین کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp