لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے بشپ آزاد مارشل سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے رپورٹ جاری کی ہے کہ سانحہ جڑانوالہ پر کمیشن نہیں بنا سکتے، عدالت سانحہ جڑانوالہ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم جاری کرے۔
سانحہ جڑانوالہ پر جوڈیشل کمیشن نہ بنانے کے صوبائی کابینہ کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس عاصم حفیظ نے کہا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کی رپورٹ پڑھنے کے بعد اسے غیر تسلی بخش پایا ہے، انہوں نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جمع کرائی گئی رپورٹ اطمینان بخش نہیں ہے۔
مزید پڑھیں
جسٹس عاصم حفیظ نے کہا کہ مذکورہ رپورٹ کی روشنی میں ان درخواستوں کو خارج نہیں کیا جا سکتا، اگر آپ اپنی رپورٹ کا دوبارہ جائزہ لینا چاہیں تو ایسا کر سکتے ہیں، لیکن اگر آپ اسی رپورٹ پر قائم ہیں تو عدالت آڈر کر دے گی۔
نگراں صوبائی حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 20 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔