ماہرہ خان اور انور مقصود کی دلچسپ گفتگو سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگی

پیر 20 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ایک تقریب میں اردو کے معروف اسکرپٹ رائٹر انور مقصود کے ساتھ دلچسپ گفتگو کی ہے جس میں سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو بھی موضوع بحث بنایا گیا ہے، اب یہ گفتگو سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کررہی ہے۔

معروف شاعر اور مزاح نگار انور مقصود نے ماہرہ خان سے پوچھا کہ پاکستان میں تین بڑی سیاسی جماعتیں ہیں آپ کس کی طرف ہیں؟ تو ماہرہ خان نے ’مبہم‘ جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ’پٹھان‘ کی طرف ہوں، مطلب ان کا جواب تحریک انصاف اور عمران خان کے حق میں تھا۔

ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کمپیوٹر کے آگے بیٹھے لوگوں کے خلاف لکھ رہے ہوتے ہیں مگر میرا خیال ہے کہ وہی شخص جو آپ کی ٹرولنگ کر رہا ہے اگر آپ کے سامنے آجائے تو کبھی بھی آپ کے ساتھ بدتمیزی نہیں کرے گا ۔

ماہرہ خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہر کسی کا تصدیق شدہ ’ٹک والا اکاؤنٹ‘ ہونا چاہیے جہاں اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے ساری تفصیل شیئر کرنا پڑتی ہے تو پھر کسی کی مجال نہیں ہوگی کہ کسی کے خلاف کچھ لکھے۔

میں وزیراعظم بن جاؤں تو سارے بے ایمانوں کو معاف کردوں، انور مقصود

تقریب کےدوران ماہرہ خان نے انور مقصود کی جانب بھی ایک سوال داغ دیا کہ اگر آپ وزیراعظم بن جائیں تو کیا کریں گے؟ جس پر انور مقصود نے کہا کہ میں سارے بے ایمانوں کو معاف کردوں گا کیوں کہ اگر ریاست مدینہ بن گئی تو 23 کروڑ کی آبادی میں سے 19 کروڑ کے ہاتھ کٹے ہوئے ہوں گے۔

ماہرہ خان نے اپنی سیاسی گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے کسی کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے سمجھ نہیں آتی کہ یہ کیا ہورہا ہے کہ دو عورتیں ہیں وہ آپس میں لڑرہی ہیں اور چیخ رہی ہیں تو انور مقصود نے کہا کہ وہ دو عورتیں تو مریم نواز اور مریم اورنگزیب ہیں اور ساتھ ہی کہا میں نے صرف مثال دی ہے ، میں کسی کے خلاف بات نہیں کرسکتا کیوں کہ مجھ پر سیاسی بات کرنے پر پابندی عائد ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp