وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئرلینڈ کے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے ملک اور عوام کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور جمہوریہ آئرلینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے آئرلینڈ کی حکومت کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے حالیہ فیصلے پر آئرش حکومت کے فیصلے کو سراہا
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کا یہ فیصلہ ان معصوم فلسطینیوں کے لیے امید اور یکجہتی کا پیغام دے گا جو اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کا شکار ہیں اور فلسطین کاز کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ آئرلینڈ کا یہ فیصلہ دوسرے ممالک پر بھی ایسے فیصلے لینے کے لیے دباؤ کا باعث بنے گا۔
I spoke to Prime Minister Simon Harris @SimonHarrisTD ,Republic of Ireland last evening to express my deep admiration for the recent decision taken by his government to recognize the state of Palestine. Ireland’s decision would not only send a message of hope and solidarity to…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 25, 2024
وزیراعظم نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس بات کی وکالت کی ہے کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 2 ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن لانے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور آئی سی جے کے اسرائیل کو غزہ اور رفح پر حملے بند کرنے کا حکم دینے کے فیصلے کو سراہا ہے۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ کشمیر کے مظلوم عوام کو بھی عالمی برادری کی طرف سے اسی طرح کی توجہ ملے گی کیونکہ وہ بھی گزشتہ 7 دہائیوں سے وحشیانہ قبضے اور بنیادی انسانی حقوق سے انکار کو برداشت کر رہے ہیں۔
آئرش وزیراعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ آئرلینڈ نے دیگر یورپی اتحادیوں کی مشاورت سے اصولی فیصلہ کیا ہے کیونکہ غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کو کسی بھی طرح معاف نہیں کیا جا سکتا۔ آئرلینڈ کی حکومت نے محسوس کیا کہ یہ فیصلہ نارملائزیشن کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔
لَقَدْ تَحَدٌَثْتُ مَعَ رَئِيْسِ الْوُزَراء : سَيْمُوْنْ هَارِيْسْ لِجَمْهُوْرِيَّةِ أَيَرْلَنْدَا مَسَاءَ أَمْسْ لِلتَّعْبِيْرِ عَنْ إِعْجَابِيْ اَلْعَمِيْقْ بِالْقَرَارِ الْأَخِيْرْ اَلَّذِيْ اِتَّخَذَتْهُ حُكُوْمَةُ أَيَرْلَنْدَا بِالْاِعْتِرَافِ بِدَوْلَةِ فِلَسْطِيْنْ. إِنَّ…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 25, 2024
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں اپنا ریزیڈینٹ مشن کھولنے کے آئرلینڈ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نیا مشن ڈبلن میں پاکستان کے مشن کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور عوام کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے وزیراعظم سائمن ہیرس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔