مستحق خواتین کب رقم وصول کرنے جائیں؟ چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد کی اہم ہدایات

ہفتہ 25 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرپرسن بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے کہا ہے کہ 8171 بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا سرکاری نمبر ہے صرف اس نمبر سے پیغام موصول ہونے پر مستحق خواتین امدادی رقوم کے حصول کے لیے بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے مقرر کردہ ادائیگی مراکز پر تشریف لائیں اور اپنے سہ ماہی وظائف وصول کریں۔

پشاور میں بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ادائیگی مراکز کے دورے کے موقع پر مستحق خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 8171 کے علاوہ کسی بھی دوسرے نمبر پر بھروسہ نہ کریں وہ یقینی طور پر جعلی نمبر ہے جسے معصوم عوام کو دھوکہ دہی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

روبینہ خالد نے واضح اعلان کیا کہ بینظیر کفالت کے تحت جاری کی جانے والی سہ ماہی قسط کی کل رقم 10 ہزار 500 روپے ہے، لہٰذا مستحق خواتین اپنی پوری رقم گن کر وصول کریں اور بینک کی رسید طلب کریں۔ ’وظائف سے کٹوتی یا عملے کی جانب سے بدسلوکی کی صورت میں فوری طور پر بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر شکایت درج کرائیں‘۔

چیئرپرسن بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے پشاور میں تماش اسٹیڈیم اور یو سی 20 آفس میں قائم ادائیگی مراکز کا دورہ کیا جس کا مقصد مستحق خواتین میں ادائیگیوں کی تقسیم کے عمل اور سہ ماہی وظائف حاصل کرنے والوں کو فراہم کردہ ضروری انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔

بعد ازاں روبینہ خالد نے پشاور میں بینظیرانکم اسپورٹ پروگرام کے دفتر کا دورہ بھی کیا۔

عملے کو ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمر رسیدہ اور چھوٹے بچوں والی خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر رقوم کی ادائیگی کی جائے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ٹوکن جاری کرتے وقت مستحق خواتین کو ان کی رقم سے بھی آگاہ کیا جائے۔ دفتر میں صفائی ستھرائی اور مستحق خواتین کے لیے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔

انہوں نے خواتین کے ساتھ احترام اور شائستگی کے ساتھ پیش آنے پر زور دیا اور کہاکہ کسی بھی بدتمیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

روبینہ خالد نے عملے کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اپنے فرائض پوری ایمانداری کے ساتھ انجام دیں۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مستحقین اور عام عوام کی رہنمائی کے لیے واضح تحریری ہدایات اور بینرز آویزاں کیے جائیں تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp