سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزماں نے پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی شیر افضل خان مروت کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
مخدوم جمیل الزمان نے شیر افضل خان مروت کے نام پیغام میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اپنی قیادت میں پاکستان کو ایک جدید ملک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم آپ کو پی پی پی میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ مل کر اس قوم کی خدمت کریں۔
مخدوم جمیل الزماں جلد اسلام آباد پہنچ کر شیر افضل مروت سے ملاقات کریں گے اور انہیں پیپلز پارٹی میں شمولیت کی باضابطہ طور پر دعوت دیں گے۔
مزید پڑھیں:شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی سے نکالے جانے کا نوٹیفکیشن مسترد کردیا
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے پارٹی کے سابق سینئر نائب صدر اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرتے ہوئے ان سے قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری فردوس شمیم نقوی نے نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نے سنگین خلاف ورزیوں پر شیر افضل مروت کی بنیادی پارٹی رکنیت منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
مزید پڑھیں:’پروگرام تو وڑ گیا‘ کے بعد شیر افضل مروت کا نیا جملہ وائرل
ادھر شیر افضل مروت نے تحریک انصاف سے نکالے جانے کا نوٹیفکیشن مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں جلد عمران خان سے ملاقات کرکے حقائق عوام کے سامنے لاؤں گا۔ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں انہوں کہا تھا قریباً 2 درجن کور کمیٹی ممبران سمیت پارٹی کے سینیئر رہنماؤں سے بات چیت کے بعد میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ پارٹی سے اخراج کے حکمنامے پر نہ تو بحث ہوئی اور نہ ہی کور کمیٹی کے نوٹس میں لایا گیا اور نہ ہی یہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے علم میں تھا۔
اہم اعلان:
تقریباً دو درجن کور کمیٹی ممبران سمیت پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے بات چیت کے بعد میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ کل کے پارٹی سے اخراج کے حکم نامے پر نہ تو بحث ہوئی اور نہ ہی کور کمیٹی کے نوٹس میں لایا گیا اور نہ ہی یہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے علم میں تھا۔ جنہوں نے اجلاس کی…— Sher Afzal Khan Marwat (@sherafzalmarwat) August 3, 2024
واضح رہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفیکیشن واپس کروانے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ساری صورتحال عمران خان کے سامنے رکھوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اس وقت کون ہدایات جاری کر رہا ہے اور کون فیصلے لے رہا ہے۔ میرے علم میں یہ بات نہیں لائی گئی کہ عمران خان نے اس قسم کی کوئی ہدایات جاری کی ہیں۔