پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جلسہ منسوخ ہونے کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ اعظم سواتی کس کے کہنے پر صبح صبح بانی پی ٹی آئی سے ملنے چلے گئے، انہوں نے کس کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی کو جسلہ ملتوی کرنے کا پیغام پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا جلسہ پھر ملتوی، ’ہر بار جلسہ منسوخ کرکے یہ عوام کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟‘
علیمہ خان نے سوال اٹھایا کہ صبح ساڑھے 7 بجے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیسے ممکن ہوسکتی ہے، کسی کے کہنے پر ان لوگوں نے بانی پی ٹی آئی سے جلسہ ملتوی کروایا۔
علیمہ خان کا آڈیو پیغام 🚨
لیڈرشپ کا ارادہ ہی نہیں عمران خان کو باہر نکالنے کا، ساڑھے 7 بجے اعظم سواتی عمران خان سے ملنے کیوں گیا تھا۔ اسے پیھلا دیں ہر جگہ pic.twitter.com/7auArgO6qY
— Faisal Khan (@KaliwalYam) August 22, 2024
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں میں کارکنان کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں تھی تو بانی پی ٹی آئی سے فیصلہ کروا دیا، موجودہ لیڈرشپ کا بانی پی ٹی آئی کو باہر نکالنے کا ارادہ ہی نہیں ہے، پارٹی کا چیئرمین باہر بیٹھا ہے، اس نے فیصلہ کیوں نہیں کیا، یہ فیصلے خود کرتے ہیں اور نام بانی پی ٹی آئی کا لگا دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جلسہ منسوخ نہیں ہونا چاہیے تھا، ورکرز دلبرداشتہ ہوتے ہیں، شعیب شاہین
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر آج اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما اعظم سواتی نے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کے ہمراہ جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں مذہبی جماعت کے احتجاج سے متعلق آگاہ کیا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کی کسی بھی انتشار سے بچنے کے لیے آج ہونے والا جلسہ ملتوی کردیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی جلسہ منسوخی پر محمود اچکزئی کیوں ناراض ہیں؟
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ اب پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں جلسہ 8 ستمبر کو ہوگا جس کے بارے میں پہلے سے نوٹیفائی ہوچکا ہے۔
اسلام آباد کی انتظامیہ نے بھی پی ٹی آئی کو 8 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 8 ستمبر کو اسلام آباد میں عوامی اجتماع منعقد کرسکتی ہے۔ جلسے کے لیے 40 نکاتی شرائط سے بھی پی ٹی آئی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔