چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو دل کی گہرائیوں اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوان اور طلبا جعلی خبروں کے خطرات سے بچنے کے لیے سمجھداری کا مظاہرہ کریں، جنرل عاصم منیر
یہ بات آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کی پیپلز لبریشن آرمی گراؤنڈ فورسز کے کمانڈر جنرل لی کیاومنگ سے پیر کے روز جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کے دوران کہی۔
آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔
مزید پڑھیے: پاک چین دوستی میں دراڑ ڈالنے والے اپنے عزائم میں ناکام ہوں گے: وزیر اعظم
جنرل سید عاصم منیر نے پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مضبوط تعلقات پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار بھائی چارے کے ثبوت کے طور پر جاری دو طرفہ فوجی تعاون کو اجاگر کیا۔
دورے پر آئے ہوئے مہمان نے پاک فوج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو تسلیم کرتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی۔
سی او ایس جنرل سید عاصم منیر نے مہمان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں جنرل ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر جنرل لی کیاومنگ نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا اور پاک فوج کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔