سعودی عرب اور ایران کے درمیان براہ راست پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ

جمعرات 6 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب اور ایران کے درمیان براہ راست پروازیں  بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اس کا فیصلہ سعودی عرب اور ایران کے وزرائے  خارجہ کی ملاقات میں کیا گیا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان چین میں مذاکرات کا ایک اور دور شروع ہوگیا۔ چین میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات  اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

مشرق وسطیٰ کے دونوں اہم ترین ممالک سعودی عرب اورایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان 2016 کے بعد پہلی بار بات چیت شروع ہوئی۔ گزشتہ ماہ چین میں بھی نچلی سطح پر مذاکرات ہوئے تھے جس میں دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ بعدازاں سعودی عرب میں سنی اور ایران میں شیعہ قیادت کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی۔

سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ کی ملاقات

بی بی سی کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ماضی میں خطے میں اثر رسوخ  برقرار رکھنے کے لیے دونوں ممالک ایک دوسرے کے خلاف طاقت کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں اور ایک دوسرے پر غلبہ پانے کے لیے لبنان، شام، عراق سمیت پورے مشرق وسطی میں اپنے، اپنے اتحادیوں اور حامیوں کے ساتھ مل کر چلتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تنازعات میں اس وقت سرفہرست یمن کا معاملہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایرن پر الزام ہے کہ وہ حوثی باغیوں کی پشت پناہی کرتا ہے جنہوں نے یمن میں 2014 میں سعودی حمایت یافتہ حکومت کو اقتدار سے ہٹنے پر مجبور کیا تھا، بعدازاں اگلے ہی برس سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے خلاف تباہ کن فضائی حملے شروع کردیے تھے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ صورتحال اس وقت زیادہ سنگین ہوگئی جب 2019 میں باغیوں نے ڈرونز اور میزائیلوں سے سعودی تیل کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تیل کی پیداوار میں خلل پڑا اور سعودی عرب کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔ سعودی عرب اور اس کے اتحادی امریکا نے اس کا الزام ایران پر عائد کیا جس کی ایران نے تردید کردی۔

دونوں ممالک کے درمیان صلح کی پچھلی تمام کوششیں ناکام رہی تھیں، لیکن گزشتہ ماہ دونوں ممالک نے 2 ماہ کے اندر ایک دوسرے کے ہاں سفارتخانے دوبارہ کھولنے، تجارتی اور سیکیورٹی تعلقات بحال کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

امریکا نے ایک محتاط انداز میں اس اعلان کا خیر مقدم کیا جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے اس معاہدے میں ثالثی کرنے پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp