امریکا میں الیکشن کے روز دہشتگردی کی منصوبہ بندی کرنے والا افغان شہری گرفتار

بدھ 9 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن کے دوران دہشتگردی کے منصوبے کا انکشاف ہوا ہے۔ امریکی حکام نے دہشتگردی کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں ایک افغان شہری کو گرفتار کرلیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق، امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ افغان شہری ناصر احمد توحیدی کو ریاست اوکلاہوما سے گرفتار کیا گیا ہے۔ محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ افغان شخص داعش کے نام پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا میں پاکستانی ڈاکٹر کو دہشتگردی کے ارادے پر 18سال قید

افغان شخص پر  خفیہ ادارے کے افسر سے آتشیں اسلحہ اور بارودی مواد خردیدنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ناصر احمد توحیدی پر داعش کو اسلحہ فراہم کرنے کا بھی الزام ہے۔ ناصر کے ساتھ ایک اور نوجوان کو بھی دہشتگردی کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ناصر احمد توحیدی پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ اس نے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس اور واشنگٹن مونیومنٹ کے قریب نصب کیمروں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے آن لائن معلومات کی تلاش کی اور اس کے علاوہ ان ریاستوں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جہاں اسلحے کے لیے لائسنس کی ضرورت نہیں ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں: کملا ہیرس ٹرمپ الیکشن، چور سپاہی جیسا ہونے جا رہا ہے؟

گرفتاری کے بعد دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ وہ الیکشن کے روز خود کش حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد کو ہدف بنایا جانا تھا۔ افغان شہری ناصر احمد توحیدی 2021 میں خصوصی امیگرینٹ ویزا پر اپنی بیوی اور ایک بچے کے ہمراہ امریکا گیا تھا اور اوکلاہوما شہر میں رہائش پذیر تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp