وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب اور قطر انتہائی مثبت رہا، عطا اللہ تارڑ کی پریس کانفرنس

جمعہ 1 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب اور قطر کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے، ہماری معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور سرمایہ کاری تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سمٹ، پاک سعودیہ کے لیے کتنی اہم ہوگی؟

جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا، وزیر اعظم کی سعودی عرب کی قیادت سے ملاقاتیں انتہائی سود مند ثابت ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی معیشت تیزی کے ساتھ مستحکم ہو رہی ہے اور ملک میں سرمایہ کار بھی دلچسپی لینے لگے ہیں، ملک میں سرمایہ کاری تیزی سے بڑھ رہی ہے، سعودی عرب کی سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہو گئی ہے جب کہ قطر نے بھی پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔

مزید پڑھیں:سعودیہ پاکستان 500 ملین ڈالرز کے معاہدے حتمی طور پر شروع کردیے گئے، پاکستانی سفیر احمد فاروق

وزیر اطلاعات ن ے کہا کہ وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحلو میں ہوئی، سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری سے متعلق ایم او یوز پر پیش رفت جاری ہے،سعودی عرب نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں ہماری بھرپور مدد کی جس پر ہم برادر ملک کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر فلسطینیوں کا مقدمہ لڑا ہے، سعودی عرب کی قیادت کے ساتھ بھی اسرائیلی مظالم پر گفتگو ہوئی ہے، فلسطین کے مسئلے پر وزیر اعظم پاکستان نے تقریر کی تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا، پاکستان فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب مکمل کرکے قطر روانہ

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، قطر نے پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، آئندہ چند دنوں بعد قطر کا وفد پاکستان کا دورہ بھی کرے گا، سرمایہ کاری سے ملکی معیشت مزید مستحکم ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ علی امین غیر سنجیدہ وزیر اعلیٰ ہیں وہ صوبے کے معاملات نہیں چلا پا رہے ہیں، خیبر پختونخوا کے حالات، دہشتگردی کے واقعات اور امن و امان کی صورت حال سے ان کی نا اہلی صاف ظاہر ہو رہی ہے۔ وہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں بھی بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کے واقعات ملکی ترقی کے لیے انتہائی نقصاندہ ہیں، حکومت دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp