ریاض: عرب اسلامک سربراہ کانفرنس، سلامتی کونسل میں اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ

پیر 11 نومبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہونے والی عرب اسلامک سربراہ کانفرنس میں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مظالم کی شدید مذمت کی گئی ہے، اور یہ مطالبہ بھی سامنے آیا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی کونسل میں رکنیت معطل کی جائے۔

عرب اسلامک سربراہ اجلاس میں مسلم ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت، عرب لیگ اور او آئی سی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ مشترکہ عرب اسلامک سربراہ کانفرنس میں غزہ اور دیگر مقبوضہ علاقوں کی صورت حال پر غور کیا گیا۔

امدادی قافلوں کو فوری طور پر غزہ میں داخلے کی اجازت کا مطالبہ

سربراہ کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہیں، فلسطین میں قیام امن کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔

اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ امدادی قافلوں کو فوری طور پر غزہ میں داخلے کی اجازت دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں سعودی عرب نے اسرائیل کی بڑھتی جارحیت کو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیدیا

غزہ اور لبنان کا مسئلہ فوری حل کیا جائے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان

سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی جارحیت فوری روکنے کا مطالبہ کردیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت فوری روکی جائے، اسرائیل کی جارحیت سے اب تک غزہ میں ہزاروں شہادتیں ہوچکی ہیں، غزہ اور لبنان کا مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ہم خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتے ہیں، مسجد اقصیٰ کے تقدس کی پامالی اور بے حرمتی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہاکہ لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں نے لبنان کی خودمختاری اور سالمیت کو خطرے میں ڈال دیا، عالمی برادری اسرائیل کو جنگ بندی پر مجبور کرے۔

مسلمان ممالک متحد ہوکر مسئلہ فلسطین پر آواز اٹھائیں، صدر ترکیہ رجب طیب اردوان

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل فلسطین کا وجود ختم کرنے پر تلا ہوا ہے، تمام مسلم ممالک کو متحد ہو کر آواز اٹھانی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، مسلمان ممالک موجودہ صورتحال میں اپنے اختلافات بھلا کر مسئلہ فلسطین پر متحد ہوجائیں۔

فلسطینی صدر کا اسرائیل کی سلامتی کونسل کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر محمود عباس نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے پابندی عائد کی گئی ہے، جس کے نتائج ہولناک ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے اسرائیل کی سلامتی کونسل کی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ عالمی برادری فلسطینیوں کے خلاف یہودی آبادکاروں کی جاری دہشت گردی روکنے میں مدد کرے۔

آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے، وزیراعظم شہباز شریف کا ایک بار پھر مطالبہ

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام وقت کی ضرورت ہے، جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔

انہوں نے کہاکہ غزہ میں فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کی جائے، اسرائیل غزہ میں جارحیت کی تمام حدیں پار کرچکا ہے، اس وقت بھوک، افلاس اور قحط نے غزہ میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ غیرمعمولی اجلاس میں شریک تمام شرکا کو سلام پیش کرتا ہوں، فلسطین کی صورتحال پر ہم سب کا جمع ہونا اہم اقدام ہے۔

وزیراعطم پاکستان نے کہاکہ غزہ میں ہزاروں افراد شہید جبکہ لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں، اسرائیل کے ہاتھوں عالمی قوانین اور اقدار کی پامالیاں کی جارہی ہیں، عالمی برادری فلسطین میں اسرائیلی مظالم رکوائے۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل فلسطین میں امداد کی بندش کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کررہا ہے، غزہ میں انسانی بحران تصور سے بڑھ کر ہے۔

یہ بھی پڑھیں ترکیہ کا ایک بار پھر مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور، ویٹو پاور ختم کرنے کا مطالبہ

انہوں نے مزید کہاکہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر فوری پابندی عائد کی جائے، اسرائیل کے ایران کے خلاف اقدامات بھی تشویش کا باعث ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

مشرق و سطیٰ کشیدگی: پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصری وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس آج اسلام آباد

لاہور جنرل اسپتال میں کامیاب طبی کارروائی، 3 ماہ کے بچے کے معدے سے لوہے کا واشر نکال لیا گیا

خطے کی صورتحال پر چہار فریقی اجلاس،  مصری وزیر خارجہ پاکستان پہنچ گئے

’پاک سعودی دفاعی معاہدہ محض مالی یا وقتی تعلق نہیں بلکہ فعال حکمت عملی کا حصہ ہے‘

اسپیکر ایاز صادق کی ہدایت پر پارلیمنٹ ہاؤس میں ارتھ آور کی تقریب، ایک گھنٹے کے لیے لائٹس بند

ویڈیو

عمران خان کی آنکھ نہیں بلکہ پاکستان کے بارے میں ان کی سوچ اور نظر ہی خراب ہے، رکن خیبر پختونخوا اسمبلی سونیا شاہ

اسرائیل میں نیتن یاہو پر دباؤ، جے شنکر کی وجہ سے مودی حکومت پھر متنازع صورتحال میں مبتلا

گلگت بلتستان، جہاں پاک فوج کے منصوبے ترقی کی نئی داستان لکھ رہے ہیں

کالم / تجزیہ

مانیں نہ مانیں، پاکستان نے کرشمہ تو دکھایا ہے

ٹرمپ کے پراپرٹی ڈیلر

کیا تحریک انصاف مکتی باہنی کے راستے پر چل رہی ہے؟