مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وطن واپسی سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ 24 نومبر کو احتجاج اور دھرنے کی کال دینے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔ نواز شریف 26 اکتوبر کو لندن پہنچے تھے، انہوں نے اس دوران امریکا اور جنیوا کا دورہ بھی کیا۔
قائد نوازشریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف لندن سے وطن واپس پہنچ گئے۔۔۔!!! pic.twitter.com/Jxlyt4O5b0
— Safdar Leghari (@leghari_safdar) November 17, 2024
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 7 نومبر کو جنیوا کے لیے روانہ ہوئی تھیں، وہ لاہور سے خصوصی طیارے سے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا پہنچیں تھیں۔ جنیوا میں مریم نواز نے پیرا تھائیرائیڈ کی شکایت کے باعث طبی معائنہ کروایا اور پھر کچھ دن قیام کے بعد وہ لندن آئیں تھیں۔
مزید پڑھیں:نواز شریف کو وزیراعظم بننے سے کس نے روکا؟ سابق وزیراعظم نے بالآخر خاموشی توڑ دی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ لندن سے وطن روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا تھا کہ جو لوگ ملک میں پروپیگنڈا کررہے ہیں انہیں جھوٹا ہی کہا جائے گا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال کو ملک کو ڈی ریل کرنے کی کوشش ہے۔ جو لوگ احتجاج کی کال دے رہے ہیں وہ کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دے رکھی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ اب ہم سروں پر کفن باندھ کر نکلیں گے اور جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے واپس نہیں جائیں گے۔
مزید پڑھیں:خواجہ آصف کے ساتھ لندن میں پیش آنے والے واقعے پر نواز شریف کا سخت ردعمل
دوسری جانب عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بھی باقاعدہ سیاسی میدان میں قدم رکھ لیا ہے، اور گزشتہ روز پارٹی رہنماؤں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو شخص احتجاج میں لوگوں کو نہیں لائے گا اسے پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔