جدہ میں ’میڈ ان پاکستان‘ نمائش پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لیے تاریخی قدم

منگل 14 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کے شہر جدہ میں 5 سے 7 فروری 2025 کو ’میڈ ان پاکستان‘ نمائش منعقد ہوگی، جو پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ایک تاریخی کاوش ہے۔

یہ نمائش وزارتِ تجارت پاکستان اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے اشتراک سے تین روز تک جاری رہےگی۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان سعودی عرب سرمایہ کاری کانفرنس، سعودی وفد کی توجہ کا مرکز کیا تھا؟

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے قونصلر تجارت وسرمایہ کاری سعدیہ خان نے کہاکہ یہ نمائش وزارتِ تجارت اور حکومتِ پاکستان کا ایک اہم اقدام ہے، جس کا مقصد سعودی عرب کی مارکیٹ میں پاکستان کی موجودگی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ وہ پاکستانی مصنوعات جو ابھی تک سعودی مارکیٹ میں متعارف نہیں ہوئیں، ان کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جائے۔ یہ نمائش ان تاجروں اور صنعت کاروں کے لیے ایک بہترین موقع ہے جو اپنی مصنوعات کو سعودی عرب کے عوام اور کاروباری حلقوں کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں۔

سعدیہ خان نے مزید کہاکہ اس نمائش میں پاکستان سے 140 کمپنیز شرکت کریں گی، جن میں انجینیئرنگ، میڈیکل سرجیکل آلات، خوراک، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبے شامل ہیں۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی نمائش ہوگی، کیونکہ پچھلے 30 سے 40 سالوں میں جدہ یا سعودی عرب میں ایسی کوئی تقریب منعقد نہیں ہوئی۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ آفیسر فہد چوہدری نے ’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ سے برادرانہ اور تاریخی رہے ہیں، سعودی عرب ویژن 2030 کے تحت کئی بڑے منصوبے شروع کررہا ہے، جو اس کی مارکیٹ کو تیزی سے ترقی پذیر بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب کی اقتصادی اصلاحات نے دنیا بھر میں اس کی ساکھ کو مزید بہتر بنایا ہے۔ پاکستان ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سعودی مارکیٹ میں اپنی مصنوعات اور خدمات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ یہ نمائش پاکستان کے تاجروں کے لیے ایک شاندار موقع ہے کہ وہ اپنی مصنوعات کو سعودی عرب کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ میں متعارف کرائیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، اور یہ نمائش اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

سعدیہ خان اور فہد چوہدری کی جانب سے مدینہ منورہ کے دورے اور مقامی کمیونٹی اور سعودی تاجروں سے ملاقاتوں کا مقصد بھی اسی نمائش کی کامیابی کو یقینی بنانا تھا۔ ان ملاقاتوں کے دوران دونوں عہدیداروں نے پاکستانی مصنوعات کی منفرد خصوصیات کو اجاگر کیا اور سعودی تاجروں کو نمائش میں شرکت کی دعوت دی۔

یہ بھی پڑھیں سعودی عرب میں فیفا ورلڈ کپ کے انعقاد سے پاکستانیوں کو کتنا فائدہ ہوگا؟ سعودی سفیر نے خوشخبری سنادی

’میڈ ان پاکستان‘ نمائش نہ صرف پاکستانی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرائے گی بلکہ سعودی عرب میں ان کی مانگ میں اضافہ کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرےگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پنجاب حکومت کا ماحول دوست اقدام، ’لیکوئیڈ ٹری ‘منصوبے کو وسعت دینے کا فیصلہ

کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھوں کی پولیس گاڑی پر فائرنگ، نام نہاد پرامن احتجاج کی حقیقت عیاں

ڈونلڈ ٹرمپ کی ’مبینہ پراسرار شخصیات‘ کے ساتھ تصاویر وائرل، یہ کون ہے؟ انٹرنیٹ پر ہلچل، نئی بحث چھڑ گئی

آزاد کشمیر میں انتخابات مؤخر کرنے کا مطالبہ، پیپلز پارٹی نے موجودہ حالات کو تشویشناک قرار دے دیا

کاروبار ڈیجیٹل نظام سے دور رہے تو بھاری جرمانوں کا سامنا، ایف بی آر کی نئی تجاویز

ویڈیو

مشکل معاشی حالات میں حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا، اسلام آباد کے شہریوں کی رائے

امریکا ایران ڈیل فائنل، پاکستان کو اس سے کیا فائدہ ہوگا؟

وزیراعظم شہباز شریف کی چارٹر آف اکانومی اور چارٹر آف ڈیموکریسی کے لیے اپوزیشن کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت

کالم / تجزیہ

سرحدوں سے ماورا یاری: سید بابر علی اور ہرچرن سنگھ

سعودی عرب اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے کیوں اہم ہیں؟

ہارڈ اسٹیٹ: گزارا کرنا سیکھیں