ٹوئٹر نے مشہور شخصیات کو اچانک بلیو چیک واپس کرکے حیران کردیا

اتوار 23 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اپنی بامعاوضہ سبسکرپشن سروس کے آغاز پر لیگیسی تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے بلیو چیک ہٹانے کے صرف دو دن بعد ہی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے 10 لاکھ فالوورز رکھنے والے صارفین کے ‘باعثِ رشک’ بلیو بیجز کو بحال کر دیا ہے۔

ٹوئٹر کی جانب سے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو دنیا بھر میں متعارف کروانے کے بعد گزشتہ ماہ اعلان کیا گیا تھا کہ یکم اپریل سے دنیا بھر سے صارفین کے اکاؤنٹس سے لیگسی بلیو ٹک کو ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، بلیو ٹک کو برقرار رکھنے کے لیے ٹوئٹر بلیو پر سائن اپ ہونا ہوگا۔

پاکستان میں ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس ماہانہ 2250 روپے رکھی گئی ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں یہ 8 سے 11 ڈالرز کے درمیان رکھی گئی ہے۔

جمعرات کو ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک نے اپنے وعدے کے مطابق صرف ان ٹوئٹر صارفین کی تصدیق پر مبنی بلیو چیک واپس کردیا جنہوں نے مطلوبہ فیس ٹوئٹر کو ادا کردی تھی۔ تاہم اس عمل نے پلیٹ فارم کو افراتفری میں ڈال دیا۔

ہفتے کے روز ٹوئٹر پر اپنے چیک مارکس اچانک دوبارہ نمودارہونے پر اسٹیفن کنگ سے لے کر کرسی ٹیگن تک کچھ بڑے ناموں نے حیرت کا اظہار کیا۔

“دوستوں نے مجھے بتایا کہ میرا نیلا تصدیق شدہ چیک بحال ہو گیا ہے۔ پتہ نہیں کیوں۔ میں نے کچھ ادا نہیں کیا۔ میں نے کوئی نمبر نہیں دیا،” سین فیلڈ اسٹار جیسن الیگزینڈر نے ٹوئیٹ کیا۔


ٹوئٹر نے عمران خان، مریم نواز اور ملین سے زائد فالورز رکھنے والے کئی پاکستانیوں کے بلیو ٹک واپس کر دیے۔ رونالڈو، کوہلی وغیرہ کے اکاونٹس پر بھی بلیو ٹک واپس کردی

نامور ٹوئٹر صارفین نے اس واقعہ پر اپنے رد عمل میں حیرت اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اداکارہ مروہ حسین نے ٹویٹ کیا ” جب تک یہ رہے گا تب تک خوش ہوں”


ملالہ یوسفزئی نے کہا
”مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہوا ہے لیکن مجھے خوشی ہے کہ میرا بلیو ٹک واپس آیا تاکہ سب کو معلوم ہو کہ میں اب بھی ملالہ ہوں”

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp