ان موسم گرما میں آپ بھی 7مختلف طریقوں سے وزن کم کر سکتے ہیں۔ آپ اپنی روزمرہ کی روٹین میں تبدیلی لا کر اور اپنی غذا کا خیال رکھ کر وزن کم کر سکتے ہیں۔
روٹین میں تبدیلی کیسے لانی ہے اور کیسی غذا کا استعمال کرناہے، آئیے! ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
گرمیوں کے موسم میں آئس کریم اور شیک جیسی زیادہ کیلوریز والی غذائیں آپ کا وزن بڑھا سکتی ہیں۔
آپ موسمی پھلوں جیسے تربوز، سردا، آم، انگور وغیرہ کا استعمال کر سکتے ہیں۔ جسمانی سرگرمیاں مثلاً تیراکی وغیرہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس موسم میں آپ اپنی غذا میں سلاد بھی شامل کر سکتے ہیں جس سے فائبر حاصل ہوتا ہے، سلاد وزن کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
1۔چینی اور میٹھے مشروبات کا استعمال نہ کریں
موسم گرما میں لوگ میٹھے اور مختلف قسم کے مشروبات کا استعمال زیادہ کرتے ہیں لیکن یہ موٹاپے کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہیں کیونکہ ان میں چینی کی بڑی مقدار موجود ہوتی ہے۔ یہ جسم میں پانی کی کمی کا باعث بنتے ہیں۔ آپ کو یاد رکھنا چاہیے کہ گرمیوں میں ان مشروبات کے مسلسل استعمال سے آپ کے جسم میں کیلوریز جمع ہوتی رہتی ہیں۔
2۔جتنا چلیں گے،اتنا جلیں گے
ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں آپ جتنا چلیں گے، اتنا ہی جلیں گے۔ یہاں ’جلیں گے‘ سے مراد دھوپ میں جلنا نہیں بلکہ آپ کی کیلوریز جلنے کی بات کی جا رہی ہے۔
آج کل مختلف اقسام کی ایپس سے یہ اندازہ لگانا نہایت آسان ہو گیا ہے کہ آپ کتنے قدم چلے ہیں۔
اپنے طرز زندگی میں بس تھوڑی سی تبدیلی لائیں مثلاً زیادہ پیدل چلیں، لفٹ کی بجائے سیڑھیاں استعمال کریں، بیٹھ کر کام کے دوران ہر گھنٹے بعد تھوڑی سی چہل قدمی کریں۔ ایسا طرز زندگی وزن کم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔
3۔دہی کا استعمال کریں
گرمیوں میں اکثر افراد کا پیٹ خراب ہو جاتا ہے اس لیے اپنے کھانے میں ایک پیالے جتنا دہی ضروراستعمال کریں۔ اس سے ہماری آنتوں میں ایسے بیکٹیریاز کی افزائش ہوتی ہے جو ہماری صحت کے لیے مفید ہوتے ہیں جبکہ دہی سے ہمارا جسم بھی ٹھنڈا رہتا ہے۔
4۔خربوزے کا استعمال ضرور کریں
موسم گرما میں خربوزے اور سردا کا استعمال ضرور کریں، یہ انتہائی تازگی بخش اور ہائیڈریٹنگ پھل ہیں یعنی ان میں پانی کی زیادہ مقدار موجود ہوتی ہے۔
5۔سلادکا استعمال
سلاد وزن کم کرنے کا بہترین طریقہ ہے کیونکہ اس میں کم کیلوریز موجود ہوتی ہیں۔ آپ گرمیوں میں جتنا چاہیں سلاد کھا سکتے ہیں۔
کھیرے اور ٹماٹر کا استعمال نہ صرف پیاس بجھانے میں مدد دیتا ہے بلکہ گرمی کو بھی مات دیتا ہے۔
سبز رنگ کی سبزیوں کے سلاد میں فائبر زیادہ مقدار میں موجود ہوتا ہے جو وزن میں کمی لانے کے لیے مفید ہے۔
6۔پانی زیادہ پئیں
وزن میں کمی کے شوقین افراد اکثر مناسب مقدار میں پانی پینا نظر انداز کر دیتے ہیں۔ یاد رکھیں گرمیوں میں کم پسینہ آنے کا مطلب یہ بھی ہے کہ آپ کے جسم میں پانی کی کمی ہے۔ اسی لیے پانی کا استعمال زیادہ کریں۔ زیادہ پانی اضافی کیلوریز سے بچانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔
7۔تیراکی کریں
تیراکی وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ وزن کم ہونے کی وجہ دل کی دھڑکن میں اضافہ ہے۔ تیراکی سے ہمارے جسم کو زیادہ مقدار میں آکسیجن ملتی ہے۔

















