امریکا کے دورے پر گئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن ڈی سی میں فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے ملاقات میں انہیں نہ صرف پاکستان مین فٹبال کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے آگاہ کیا بلکہ انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے نہایت خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں کھیلوں کے وسیع امکانات، خصوصاً کرکٹ کے بعد فٹبال کی بڑھتی ہوئی مقبولیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Washington DC : Had an excellent meeting with FIFA President Gianni Infantino. We discussed the immense potential of sports in Pakistan — especially the growing popularity of football following cricket. Extended a warm invitation to visit Pakistan, which he graciously accepted… pic.twitter.com/DB8p6yJZF8
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) June 20, 2025
ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیفا صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جو، محسن نقوی کے مطابق، انہوں نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا وعدہ کیا۔
واضح رہے کہ فیفا نے رواں برس فروری میں پاکستان فٹبال فیڈریشن اور کانگو ریپبلک کی فٹبال فیڈریشن کو بین الاقوامی مقابلوں سے معطل کردیا تھا، جس کے بعد دونوں ادارے کسی بھی بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کے اہل نہیں رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ضروری ترامیم کرنے پر فیفا نے پاکستان پر عائد پابندی اٹھالی
فیفا کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کو اس بنا پر معطل کیا گیا کہ وہ اپنی آئینی ترامیم منظور کرانے میں ناکام رہی، جو کہ واقعی منصفانہ اور جمہوری انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری تھیں۔
اس وقت فیفا نے یاد دہانی کرائی تھی کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کو اس سے قبل بھی 2017 اور 2021 میں تیسری قوت کی مداخلت کے باعث معطل کیا جا چکا ہے، اور جون 2022 میں اس وقت پابندی ہٹائی گئی تھی جب پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نگراں کمیٹی نے فیڈریشن کے دفاتر اور مالیات پر مکمل کنٹرول بحال کر لیا تھا۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب میں فیفا ورلڈ کپ کے انعقاد سے پاکستانیوں کو کتنا فائدہ ہوگا؟ سعودی سفیر نے خوشخبری سنادی
گزشتہ مارچ میں لاہور میں منعقدہ ایک غیرمعمولی کانگریس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جانب سے مجوزہ آئینی ترامیم کی منظوری کے بعد عالمی فٹبال تنظیم نے مذکورہ معطلی ختم کردی تھی۔