اسرائیل کے تہران میں میزائل ذخائر اور فوجی تنصیبات پر حملے، ایران نے جوابی میزائل داغ دیے

ہفتہ 21 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی 9ویں روز بھی بدستور جاری ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر حملے کررہے ہیں۔

تازہ ترین کارروائیوں میں اسرائیل نے ایران کے اندر میزائل حملے کیے ہیں جن میں ایرانی میزائلوں، فوجی تنصیبات اور جوہری مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیل نے قم شہر میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک اعلیٰ کمانڈر کو شہید کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے جو فلسطینی کورکا سربراہ تھا۔

الجزیرہ نے ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے مرکزی شہر اصفہان میں موجود جوہری پروگرام کے ایک اہم مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ فضائی حملوں میں ایران کے میزائل ذخیرہ گاہوں، اہم عسکری تنصیبات اور انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز سے حملہ کیا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے صبح سے اب تک 40 ڈرونز مار گرائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ایرانی فورس کے دو اہم عہدیداروں کی شہادت کا اسرائیلی دعویٰ

ایرانی سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ شمال مغربی شہر تبریز اور مغربی شہر خرم‌آباد میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں پاسداران انقلاب کے 9 اہلکار شہید ہو گئے ہیں، جن میں ایک اعلیٰ رینک کے کمانڈر بھی شامل ہیں۔

امریکی بی-2 بمبار طیاروں کی بحرالکاہل منتقلی

اصفہان کے نائب گورنر کے مطابق لنجان، مبارکہ، شہریزہ اور خود اصفہان شہر اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنے، جن میں ایک حساس جوہری تنصیب بھی شامل ہے۔ تاہم حکام کے مطابق اصفہان کی جوہری تنصیب سے کسی قسم کی خطرناک تابکاری کے اخراج کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے بنکروں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے اپنے بی-2 اسٹیلتھ بمباروں کو  مغربی بحرالکاہل میں موجود گوام نامی جزیرہ منتقل کردیا ہے۔

امریکی سرکاری حکام نے رائٹرز کو طیاروں کی اس نقل و حرکت کی تصدیق کی ہے، مگر یہ واضح نہیں کیا ہے کہ یہ قدم مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور ایران کے تنازع سے متعلق ہے یا نہیں۔

بی-2 بمبار کو 30 ہزار پاؤنڈ وزنی جی بی یو-57 میسیو آرڈیننس پینٹریٹر کے ساتھ لیس کیا جا سکتا ہے، جنہیں ایران کے زیرِ زمین جوہری ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

بی-2 اسٹیلتھ طیارہ

دونوں ممالک میں ہونے والا جانی نقصان

ایران کی وزارت صحت کے ترجمان حسین کرمانپور کے مطابق 13 جون سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 400 سے زائد افراد کی شہادت ہوچکی ہے۔ ان میں 54 خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار 56 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اموات اور زخمیوں میں زیادہ تر عام شہری شامل ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل پر ایران کے حملوں میں اب تک 24 افراد ہلاک اور 1500 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

ایران کے 2 سینیئر کمانڈر شہید کیے جانے کا اسرائیلی دعویٰ

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بیان دیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے فلسطین کور کے سربراہ سعید ایزادی کو ایک کارروائی میں قم شہر میں ہدف بنا کر شہید کر دیا۔ ان کے مطابق سعید ایزادی حماس کو مالی اور عسکری مدد فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کررہے تھے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایک اور اعلیٰ ایرانی کمانڈر امین پور جودخی کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جو مبینہ طور پر پاسداران انقلاب کی دوسری وی اے وی بریگیڈ کے ذمہ دار تھے۔

فوج کے مطابق جودخی کو 13 جون کو یونٹ کے کمانڈر کی ہلاکت کے بعد نمایاں ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔

تبریز میں تربیتی مرکز پر حملہ، 4 اہلکار شہید

ایرانی خبر رساں ادارے ’اسنا‘ کے مطابق شمال مغربی شہر تبریز میں پاسداران انقلاب کے ایک تربیتی مرکز پر اسرائیلی حملے میں 4 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے۔ یہ وہی شہر ہے جو حالیہ ہفتوں میں بار ہا اسرائیلی حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔

ایرانی جوہری سائنسدان اور ان کی اہلیہ ٹارگٹ کلنگ میں شہید

’تہران ٹائمز‘ کے مطابق ممتاز ایرانی جوہری سائنسدان ڈاکٹر سید ایثار طباطبائی قمشہ اور ان کی اہلیہ منصورہ حاجی سالم کو گزشتہ ہفتے قم میں ان کے گھر پر شہید کردیا گیا۔

شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے سابق طالب علم اور معروف نیوکلیئر ماہر ڈاکٹر طباطبائی ایران کے پُرامن جوہری پروگرام میں کلیدی حیثیت رکھتے تھے۔ ایرانی حکام نے اس واقعے کو ٹارگٹڈ دہشتگردی قرار دیا ہے۔

اسپتالوں پر حملے اور انسانی جانوں کا ضیاع

ایران کے وزیر صحت محمد رضا ظفر قندی کے مطابق اسرائیل نے ہفتے کے روز تین مختلف اسپتالوں اور ایک اور نیوکلیئر تنصیب پر حملے کیے، جن میں 2 طبی کارکن اور ایک بچہ شہید ہوئے۔ مزید برآں 6 ایمبولینس گاڑیاں بھی تباہ ہو چکی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ان دعوؤں پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا۔

ایرانی افواج کے شہدا کی فہرست جاری

ایرانی سیکیورٹی ادارے ’نور نیوز‘ نے ان 15 ایرانی فضائی دفاعی اہلکاروں کے نام جاری کیے ہیں جو اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے ہیں۔ ان میں متعدد افسران شامل ہیں جو ایران کے فضائی دفاعی نظام میں کلیدی کردار ادا کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں اقوام متحدہ میں ایرانی اور اسرائیلی مندوبین کے مابین تند و تلخ جملوں کا تبادلہ

’خطے میں کشیدگی انتہا پر، جنگ کا دائرہ وسیع ہونے کا خدشہ‘

ماہرین کے مطابق اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور ایران کی ممکنہ جوابی کارروائیاں مشرق وسطیٰ میں ایک نئے اور سنگین تنازع کو جنم دے سکتی ہیں۔

چونکہ دونوں ممالک بالواسطہ یا بلاواسطہ علاقائی پراکسیز کے ذریعے ایک دوسرے سے نبرد آزما ہیں، اس لیے خدشہ ہے کہ یہ جنگ صرف ایران اور اسرائیل تک محدود نہ رہے بلکہ خطے بھر میں پھیل سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp