میتھائل برومائیڈ اسکینڈل بے نقاب، کمپنی کا لائسنس معطل، ایک ملین ڈالر کی شپمنٹس روک دی گئیں

اتوار 13 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت نے محکمہ تحفظِ نباتات میں میتھائل برومائیڈ سے متعلق ایک بڑا اسکینڈل بے نقاب کرتے ہوئے ایک مشکوک کمپنی کا لائسنس معطل کر دیا ہے اور تقریباً ایک ملین ڈالر مالیت کی شپمنٹس کی کلیئرنس روک دی گئی ہے۔

ڈی پی پی میں جاری بڑی کریک ڈاؤن مہم کے تحت حکومت نے میتھائل برومائیڈ کی درآمد سے متعلق پالیسی کا ازسرِنو جائزہ لینے کے بعد اس کی غیر ضروری درآمد پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

وفاقی وزیر برائے قومی تحفظِ خوراک و تحقیق رانا تنویر حسین کی قیادت میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن (ڈی پی پی) نے اپنے نظام، آپریشنز اور ضوابط میں بہتری لانے کے لیے کئی اصلاحاتی اور تادیبی اقدامات کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:تحفظِ خوراک کے چیلنجز سے نمٹنا ہے تو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہوگا، صدر مملکت

ان اصلاحات کے تحت وزیرِ برائے تحفظِ خوراک نے متعدد تذویراتی اقدامات شروع کرنے کی ہدایت دی، جن میں ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی اپ گریڈیشن اور جدید ادارہ جاتی ڈھانچے کا قیام شامل ہے، جو کہ عالمی فائیٹو سینیٹری معیارات سے ہم آہنگ ہے۔

ان اقدامات کا مقصد بین الاقوامی تجارتی تقاضوں پر پاکستان کی مطابقت کو بہتر بنانا اور برآمدی مسابقت کو فروغ دینا ہے، ان اقدامات میں سب سے نمایاں کام سائنسی بنیادوں پر درآمدی شرائط کا ازسرِ نو تعین تھا، جس سے میتھائل برومائیڈ کے غیر ضروری استعمال میں نمایاں کمی آئی۔

اس تبدیلی سے خاص طور پر کپاس، اناج، دالوں اور دیگر اجناس کی درآمدات پر فی کنٹینر 30 سے 40 ہزار روپے کی بچت ہوئی، جسے درآمدی صنعت نے سراہا ہے اور اسے کیمیائی ادویات کے معقول استعمال کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

مزید پڑھیں:نگراں دور حکومت میں گندم کی درآمد سے کاشتکار بحران سے دوچار ہوا، وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین

وزیر نے بدعنوانیوں کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے۔ ایک تفصیلی داخلی آڈٹ سے انکشاف ہوا کہ ایک کمپنی مشکوک ذرائع سے میتھائل برومائیڈ درآمد کر رہی تھی۔ رانا تنویر کی ہدایت پر ڈی پی پی نے تھرڈ پارٹی ویری فکیشن، دستاویزات کی چھان بین اور دیگر تحقیقات کے بعد مذکورہ کمپنی کا لائسنس فوری طور پر معطل کر دیا۔

مزید برآں، پاکستان کسٹمز کے تعاون سے چار زیرِ التواء شپمنٹس، جن کی مالیت ایک ملین ڈالر تھی، کلیئر ہونے سے قبل بندرگاہ پر روک دی گئیں۔

یہ اقدامات نہ صرف مضرِ صحت اشیاء کی درآمد کو روکتے ہیں بلکہ وزارت کے عدم برداشت کے مؤقف اور ضوابط کی سختی سے پابندی کے عزم کا مظہر ہیں، ان خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کے خلاف تادیبی کارروائیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:یوٹیلیٹی اسٹورز کی تنظیمِ نوَ ہوگی، ختم یا بند نہیں کر رہے، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین

وزیر برائے تحفظ خوراک رانا تنویرحسین بارہا اس امر پر زور دے چکے ہیں کہ خوراک کی سیکیورٹی سے وابستہ تمام اداروں میں شفافیت، جوابدہی اور ادارہ جاتی دیانت داری کو یقینی بنایا جائے۔

اعلیٰ سطحی فراڈ کی بروقت نشاندہی اور مؤثر قانونی کارروائی کو نہ صرف اسٹیک ہولڈرز بلکہ عوامی حلقوں میں بھی سراہا گیا ہے۔ اس سے نظام کو کرپشن سے پاک کرنے، منصفانہ مقابلے کے فروغ، اور قومی و بین الاقوامی تجارتی معیارات کے مطابق زرعی نظام کو استوار کرنے کے عزم کو تقویت ملی ہے۔

رانا تنویر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزارتِ قومی تحفظِ خوراک اصلاحات کے عمل کو پوری قوت سے جاری رکھے گی اور قانون شکنی یا قومی مفاد سے غداری پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

شمالی پہاڑی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی، گلیشیئر پگھلنے اور سیلاب کا خدشہ، متعدد سڑکیں بند

امریکا کی پاکستان میں توانائی، معدنیات اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

کوکین کوئین انمول عرف پنکی نے جب جیل میں من پسند لباس پہننے کی خواہش ظاہر کی تو کیا ہوا؟

ہنر مند نوجوان ہی پاکستان کی پائیدار ترقی کی ضمانت ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

انتخابات تک آزاد کشمیر میں رہوں گا، احتجاج ختم کرکے مذاکرات کیے جائیں، بلاول بھٹو

ویڈیو

ایم کیو ایم کے دھڑے آمنے سامنے، شہری سندھ کے حقوق کی تحریک یا اقتدار کی نئی جنگ؟

خوبصورت پنجاب: گوجرانوالہ کے ایمن آباد بازار کی اپ گریڈیشن مکمل

ممنون حسین نے دور صدارت میں اردو، سی پیک کے قومی بیانیے اور کفایت شعاری کو فروغ دیا، ڈاکٹر فاروق عادل

کالم / تجزیہ

طوفانی بولنگ اور ماجد خان کی دلیری

پانی کی بڑھتی قلت ایک مربوط منصوبہ بندی کی متقاضی

پاکستان کی اسلامی روح اور خوارج کا جھوٹا پروپیگنڈہ….!!