پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے تحت کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے کی تعمیر نو کے منصوبے کو انجینئرنگ کے عالمی معیار پر پورا اُترنے پر FIDIC ایشیا پیسیفک انجینئرنگ ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایوارڈ کی تقریب FIDIC ایشیا پیسیفک کانفرنس 2025 کے دوران اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
یہ اعزاز پاکستان کے طویل ترین اور مضبوط ترین بے لچک (Rigid) رن وے کی کامیاب اور محفوظ تکمیل پر دیا گیا، جو ایک مصروف مشترکہ فضائی اڈے پر بغیر کسی کلیم، حادثے یا رن وے بند کیے مرحلہ وار مکمل کیا گیا جو انجینئرنگ کا ایک مثالی کارنامہ قرار دیا گیا۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر نو کا منصوبہ مکمل، رن وے فعال ہوگیا
ایوارڈ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی اور منصوبے کے کنسلٹنٹس کی بہترین منصوبہ بندی، تکنیکی مہارت اور محفوظ تکمیل کا اعتراف ہے۔ منصوبہ قریباً 5 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا۔31 مئی 2023 کو پہلی پرواز PK-3250 نے اس رن وے پر لینڈ کیا۔

منصوبہ اب جنوبی افریقہ اور فرانس میں ہونے والی FIDIC عالمی کانفرنسز میں بین الاقوامی کیس اسٹڈی کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ FIDIC کی بین الاقوامی ثالث اور ماہر، مس پلومینو ایلوِیرا نے اس پروجیکٹ کو عالمی سطح پر پیش کرنے کی دعوت دی ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کی انجینئرنگ صلاحیتوں بلکہ محفوظ اور پائیدار فضائی انفراسٹرکچر کی تعمیر میں پاکستان کی عالمی سطح پر شناخت کی علامت ہے۔













