کینیا میں میڈیکل چیریٹی کے زیرِانتظام فعال ایک چھوٹا ایگزیکٹو جیٹ نیروبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔
دارالحکومت کے شمال مشرقی مضافات میں پیش آنے والے حادثے میں طیارے میں سوار تمام 4 افراد اور زمین پر موجود 2 شہری جاں بحق ہوگئے۔ یہ طیارہ امریف فلائنگ ڈاکٹرز کا سیسنا اسٹیشن ایس ایل ایس تھا، جو شمالی صومالیہ کے شہر ہرگیسا میں ایک مریض کو لینے کے لیے میڈیکل ایویکیوایشن مشن پر روانہ ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:کینیا کا گوتم اڈانی کی کمپنی سے ملٹی ملین ڈالرز کے ٹھیکے منسوخ کرنے کا اعلان
کینیا سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل، ایمیل آراو کے مطابق، طیارہ پرواز کے 3 منٹ بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے ریڈیو اور ریڈار رابطہ کھو بیٹھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے ایک زور دار دھماکا سنا، پھر آسمان میں آگ کا گولا اور سیاہ دھواں دیکھا، جس کے بعد طیارہ تیزی سے زمین پر آ گرا۔
فوج اور پولیس نے مل کر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا، جبکہ ایئرایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
مزید پڑھیں:کینیا کے آرمی چیف ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے
امریف کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں ایک ڈاکٹر، ایک نرس، پائلٹ اور فرسٹ آفیسر شامل تھے۔ تنظیم کے سی ای او اسٹیفن گیتاؤ نے اپنے بیان میں اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں اور متاثرہ کمیونٹی کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ ’ہم اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔‘
امریف فلائنگ ڈاکٹرز، افریکن میڈیکل اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کے ساتھ منسلک ایک این جی او ہے، جو ایئر ایمبولینس سروسز کو تجارتی بنیادوں پر چلاتی ہے، اور اس سے حاصل ہونے والا منافع افریقہ میں صحت کی بہتری کے منصوبوں پر خرچ کیا جاتا ہے۔













