صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارت کے خلاف معرکہ حق میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعلیٰ قومی اعزازات سے نواز دیا۔
ایوان صدر میں منعقدہ اس تقریب میں پاکستان کے سفارتی محاذ پر بھرپور موقف اختیار کرنے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو اعزاز دیا گیا، جبکہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے مؤثر موقف اپنانے پر اعظم نذیر تارڑ کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔ بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کو نشان امتیاز دیا گیا۔
ایوان صدر میں سول عسکری شخصیات کو اعلیٰ اعزات دینے کی تقریب، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کو ہلال جرآت سے نواز دیا گیا! pic.twitter.com/eiHDMRl5vz
— WE News (@WENewsPk) August 14, 2025
معرکہ حق میں اطلاعات کی مؤثر ترسیل پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو نشان امتیاز ملا، داخلی محاذ پر یکجہتی اور امن و امان برقرار رکھنے پر محسن نقوی کو نشان امتیاز سے نوازا گیا، اور تزویراتی سطح پر شاندار کارکردگی پر احسن اقبال کو نشان امتیاز دیا گیا۔
قومی اتفاق رائے اور ہم آہنگی کے قیام میں نمایاں کردار ادا کرنے پر رانا ثنااللہ کو نشان امتیاز دیا گیا، جبکہ پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے اعتراف میں بلاول بھٹو زرداری کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر اجاگر اور بھارت کی مکارانہ سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو نشان امتیاز سے نواز رہے ہیں۔ pic.twitter.com/QPoMxndNCO
— WE News (@WENewsPk) August 14, 2025
فیلڈ مارشل عاصم منیر کو انتہائی مشکل حالات میں فوج کی بہترین قیادت پر ہلال جرات سے نوازا گیا، اور معرکہ حق کے سخت دنوں میں عسکری امور میں کلیدی کردار ادا کرنے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کو نشان امتیاز عطا کیا گیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو فضائی جنگ میں دشمن کی برتری کو خاک میں ملانے پر ہلال جرات سے نوازا گیا، جبکہ پاکستان کی بحری سرحدوں کی حفاظت یقینی بنانے پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔
ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی ہلال امتیاز کے اعزاز سے نوازا گیا..! pic.twitter.com/uca5KycUEa
— WE News (@WENewsPk) August 14, 2025
وزیراعظم کی طرف سے تشکیل دیے گئے سفارتی وفد کے ارکان سید طارق فاطمی، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سید فیصل علی سبزواری، سینیٹر بشریٰ انجم، چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر، انجینئر خرم دستگیر خان اور سفیر عمومی برائے اقتصادی امور عمر فاروق کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔
وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ، سابق سفیر جلیل عباس جیلانی اور وفاقی وزیر احد چیمہ کو بھی ہلال امتیاز دیا گیا، جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد سعید کو ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔
پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں کو معرکہ حق کے دوران دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر ستارہ جرات سے نوازا گیا، جن میں ونگ کمانڈر بلال رضا، ونگ کمانڈر حماد ابن مسعود، اسکوارڈرن لیڈر محمد یوسف خان، اسکوارڈرن لیڈر محمد اسامہ اشفاق، اسکوارڈرن لیڈر محمد حسن انیس، اسکوارڈرن لیڈر طلال حسن، اسکوارڈرن لیڈر فدا محمد خان اور اسکوارڈرن لیڈر محمد اشعب شامل ہیں۔
معرکہ حق میں دفاع وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لانس حوالدار عامر شیراز شہید، لانس نائیک اکرام اللہ، سپاہی عدیل اکبر شہید اور کیپٹن علی حسن شہید کو تمغہ جرأت عطا کیا گیا، جبکہ سپاہی نثار علی شہید کو ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔
ڈی جی آئی ایس آئی جنرل عاصم ملک کو ستارہ بسالت سے نوازا گیا، اور لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا، لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کو بھی اعزازات سے نوازا گیا۔
وائس ایڈمرل راجا رب نواز، ریئر ایڈمرل عبدالمنیب، ریئر ایڈمرل فیصل امین، ایئر وائس مارشل محمد احسان الحق، ڈی جی ملٹری آپریشنز میجر جنرل کاشف عبداللہ اور ایئر وائس مارشل محمد اورنگزیب کو بھی اعزازات دیے گئے۔
ریئر ایڈمرل شہزاد حامد، میجر جنرل سید محمد جواد طارق، میجر جنرل تجدید ممتاز، ایئر کموڈور عطااللہ زیب، ایئر کموڈور ضیا آفتاب، ایئر کموڈور محمد نعمان، ایئر کموڈور علی جاوید ہاشمی، ایئر کموڈور سجاد حیدر، کیپٹن پاک بحریہ محمد عاطف اور کیپٹن محمد حیدر علی کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔
بھارت کیخلاف فضائیہ محاذ پر کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان کے 8 پائلٹس کو ستارہ جرات سے نوازا گیا۔۔۔!!! pic.twitter.com/GJswvNFArg
— WE News (@WENewsPk) August 14, 2025
معرکہ حق کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اسکوارڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کو تمغہ بسالت دیا گیا، جس کا ایوارڈ ان کے والد اور بیوہ نے وصول کیا۔
حوالدار محمد نوید شہید، نائیک محمد وقار شہید اور لانس نائیک دلاور خان شہید کو بھی تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔
معرکہ حق میں صحافت کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز کو ستارہ امتیاز سے نوازا گیا، جبکہ وزیراعظم کے تقریر نویس راشد محمود ملک اور میڈیا آفیسر پرائم منسٹر آفس حماد حسن کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔
حامد میر، جاوید چوہدری، سلیم صافی، وسیم بادامی کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا
معروف اینکر پرسن حامد میر، سینیئر تجزیہ کار محمود شامی، اینکر منصور علی خان، جاوید چوہدری، سلیم صافی، وسیم بادامی اور عامر الیاس رانا کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔