اسلام آباد میں منگل کے روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں چیئرپرسن پولین بلوچ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات امبرین جان نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن (پی ٹی وی) کو دیے گئے 11 ارب روپے کے بجٹ سے ادارے کی تنخواہوں اور پنشن کی ضروریات پوری نہیں ہو سکتیں۔
پی ٹی وی مالی بحران کا شکار، اضافی فنڈز کی درخواست مسترد
سیکریٹری اطلاعات نے بتایا کہ وزارت کی جانب سے اضافی فنڈز کی درخواست تاحال وزارتِ خزانہ نے منظور نہیں کی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کی ہے جو پی ٹی وی کی مالی ضروریات کا جائزہ لے کر اضافی فنڈز کی سفارش کرے گی۔
امبرین جان نے مزید کہا کہ پی ٹی وی ڈیجیٹلائزیشن کے مرحلے سے گزر رہا ہے اور ادارے کو مالی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے جامع بزنس پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ تاہم مالی سال کی آخری سہ ماہی میں آمدنی میں کمی کا خدشہ ہے جس کے باعث دوبارہ اضافی فنڈز کی درخواست کی جائے گی۔
غیر ضروری بھرتیوں اور تنخواہوں میں تفاوت پر تشویش
رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران نے پی ٹی وی میں غیر ضروری بھرتیوں، تنخواہوں میں تفاوت، پنشن کی عدم ادائیگی اور احتساب کے فقدان پر سخت تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں 572 نئی بھرتیاں کی گئیں، جن میں سے کچھ ستمبر 2025 میں کی گئیں، حالانکہ ادارہ خسارے میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سندھ کے وزیر ثقافت کا پی ٹی وی اینکر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
سحر کامران نے سوال اٹھایا کہ ایک ایسا ادارہ جو حکومتی فنڈز پر انحصار کر رہا ہے، وہاں اس قدر بھرتیاں کیوں کی جا رہی ہیں؟
انہوں نے پی ٹی وی کے بھرتی کے عمل اور تنخواہی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لینے کی سفارش کی۔
183 انکوائریاں زیرِ التوا، شفاف بھرتیوں کا دعویٰ
سیکریٹری اطلاعات امبرین جان نے بتایا کہ گزشتہ تین سال کے دوران 183 انکوائریاں شروع کی گئیں جن میں سے کچھ ابھی تک مکمل نہیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ ادارے میں جدید پیشہ ورانہ طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے اور شفاف بھرتی کا عمل یقینی بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی پارلیمنٹ کی لائیو نشریات پر کمیٹی کا اظہارِ برہمی
اجلاس میں پی ٹی وی پر اسرائیلی پارلیمنٹ کے اجلاس اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کی لائیو نشریات پر بھی سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔

سحر کامران نے کہا کہ ایسی نشریات میں قومی مفاد اور حساسیت کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے، خاص طور پر جب اسکرین پر اسرائیلی پرچم نمایاں ہو۔
پی ٹی وی کراچی کے منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل
کمیٹی چیئرپرسن پولین بلوچ نے امین الحق اور سحر کامران پر مشتمل ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو پی ٹی وی کراچی کے جاری منصوبوں کا جائزہ لے گی۔
کمیٹی ارکان نے بعد ازاں پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور نیوز و پروڈکشن ڈیپارٹمنٹس کی سہولیات کو سراہا۔
نئے چیئرمین پیمرا کی تقرری کا عمل شروع
سیکریٹری اطلاعات نے بتایا کہ پیمرا (PEMRA) کے نئے چیئرمین کی تقرری کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ٹی وی کے انگریزی چینل ’پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل‘ کا افتتاح کردیا
انہوں نے کہا کہ اشتہار کے بعد پانچ امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا، اور حتمی تقرری قومی اسمبلی اور سینیٹ کمیٹیوں کی منظوری سے عمل میں آئے گی۔
صحافیوں کے تحفظ سے متعلق بل مؤخر
اجلاس میں ایم این اے شازیہ مری کی غیر حاضری کے باعث ’تحفظِ صحافی و میڈیا پروفیشنلز (ترمیمی) بل 2025‘ پر غور ملتوی کر دیا گیا۔
اجلاس میں کرن عمران در، آسیہ ناز تنولی، رومینہ خورشید عالم، کرن حیدر، شاہین، صلاح الدین جونیجو اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔














