بلوچستان حکومت نے خاران کے فنی تربیت یافتہ نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے اور باعزت روزگار کمانے کے قابل بنانے کے لیے قرض حسنہ (بلاسود قرض) اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کردیا جبکہ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران کو مکمل طور پر فعال کرنے اور مقامی ضروریات کے مطابق نئے فنی کورسز شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کابینہ کے اہم فیصلے، 16 لاکھ بچوں کو تعلیم کے دھارے میں لانے کا ہدف
یہ اعلان صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا) کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقعے پر کیا جہاں انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالقابیر زرکون کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر نور محمد، بی ٹویوٹا کے ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
اس موقعے پر صوبے میں جاری فنی و پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں، ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں سے متعلق وزیر خزانہ کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی واضح ہدایات ہیں کہ صوبے کے نوجوانوں کو جدید اور معیاری فنی تعلیم فراہم کی جائے تاکہ ان کے لیے روزگار کے مؤثر مواقع پیدا کیے جاسکیں۔
مزید پڑھیے: بلوچستان میں گرین بس سروس، لوڈر رکشوں کے لیے آسان قرضے، وزیر ٹرانسپورٹ نے تفصیل بتادی
انہوں نے کہا کہ خاران کے نوجوانوں میں خود روزگاری کو فروغ دینے کے لیے فنی تربیت کے ساتھ انٹرپرینیورشپ پروگرام اور قرضِ حسنہ اسکیم متعارف کرائی جائے گی جس کے ذریعے تربیت یافتہ نوجوان اپنا کاروبار شروع کرکے باعزت روزگار حاصل کرسکیں گے۔
اجلاس میں ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر خاران کو مکمل طور پر فعال بنانے اور علاقے کی مقامی ضروریات کے مطابق نئے فنی شعبے متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ نوجوانوں کو ایسی مہارتیں سکھائی جاسکیں جو انہیں روزگار کے حصول اور اپنا کاروبار قائم کرنے میں مدد دیں۔
بی ٹویوٹا کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالقابیر زرکون نے وزیر خزانہ کو ادارے کے آئندہ منصوبوں سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ مستقبل قریب میں جدید تقاضوں اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔
ان پروگراموں کا مقصد نوجوانوں کی فنی مہارتوں کو ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں میں روزگار کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
مزید پڑھیں: بلوچستان حکومت کا زرعی شعبے کے لیے ریلیف پیکج کا اغاز، کتنے کسان مستفید ہونگے؟
حکومتی حکام کا بتانا ہے کہ قرض حسنہ اسکیم کا طریقہ کار جلد ترتیب دیا جائے گا جس کے بعد اشتہار کے ذریعے طلبا کو تمام تر تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔













