اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ مقرر

جمعہ 5 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کو یاددہانی کرائی ہے کہ مالی سال 2024-25 کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2025 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات، الیکشن کمیشن نے میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا

الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام ارکان سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے، شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات مجوزہ فارم-B پر مقررہ تاریخ تک الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں۔

سالانہ گوشوارے جمع کرانے کی پابندی

ہر رکن پارلیمنٹ کو ہر سال 30 جون تک کے اثاثوں اور واجبات کا گوشوارہ 31 دسمبر سے پہلے یا 31 دسمبر تک الیکشن کمیشن کو جمع کرانا ہوگا۔

عدم جمع کروائی کی صورت میں نام کی اشاعت

سیکشن 137(2) کے مطابق کمیشن ہر سال یکم جنوری کو ایک پریس ریلیز جاری کرے گا جس میں ان اراکین کے نام شائع کیے جائیں گے جنہوں نے مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع نہیں کروائے۔

رکنیت کی معطلی

کمیشن کے حکم کے تحت یکم جنوری سے 15 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کی رکنیت معطل کر دی جائے گی اور وہ گوشوارے جمع ہونے تک پارلیمنٹ یا اسمبلی کی کسی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

مزید پڑھیے: الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان

غلط گوشوارے دینے کی صورت میں کارروائی

اگر کوئی رکن غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو کمیشن سیکشن 137 کے تحت گوشوارے جمع ہونے کی تاریخ سے 120 دن کے اندر اس کے خلاف کارروائی کرے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp