بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کی زیر صدارت جمعرات کو منعقد ہونے والے ایڈوائزری کونسل کے اجلاس میں ملک کی اہم پالیسی نوعیت کی ترامیم، انتظامی فیصلے اور ماحولیاتی قوانین کی منظوری دے دی گئی، جبکہ سوئٹزرلینڈ میں نیا سفارتخانہ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
ایڈوائزری کونسل کے ہفتہ وار اجلاس میں متعدد اہم مسودہ قوانین اور حکومتی تجاویز پر غور کرتے ہوئے منظوری دی گئی۔
جبری گمشدگی سے متعلق ترمیمی آرڈی نینس منظور
اجلاس میں Prevention and Remedies for Enforced Disappearances (Amendment) Ordinance 2025 کے مسودے کو حتمی منظوری دی گئی۔ ترمیم کے تحت اگر کوئی شخص کم از کم 5 برس تک لاپتا رہے اور زندہ واپس نہ آئے تو ٹریبونل کو اسے باضابطہ طور پر “لاپتا فرد” قرار دینے کا اختیار ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش نیوی نے سیمنٹ میانمار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، 23 افراد گرفتار
ترمیم کے مطابق متاثرہ خاندان کو کئی اہم قانونی سہولیات حاصل ہوں گی۔ گمشدہ فرد کے اہل خانہ اس کی جائیداد استعمال کر سکیں گے، جبکہ متاثرین سرکاری وکلا یا اپنی مرضی سے پرائیویٹ وکیل رکھ سکیں گے۔ ٹریبونل میں سرکاری وکلاء کی تعیناتی نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کی سفارش پر کی جائے گی۔
ہاؤر اور ویٹ لینڈز کے تحفظ کا نیا قانون پاس
ایڈوائزری کونسل نے Bangladesh Haor and Wetlands Conservation Ordinance 2025 کی بھی منظوری دی۔ ہاؤر اور بنگلہ دیشی ویٹ لینڈز کو عالمی سطح پر نایاب اور منفرد تسلیم کیا جاتا ہے جو غیر منصوبہ بند بندوں، کیمیکل آلودگی اور بے قابو سیاحت کی وجہ سے شدید خطرات کا شکار ہیں۔

نیا آرڈی نینس ہاؤر اینڈ ویٹ لینڈز ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے اختیارات اور ذمہ داریوں کا واضح تعین کرتا ہے۔ اس کے تحت ممنوعہ سرگرمیوں کی نشاندہی، خلاف ورزیوں پر سزائیں اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے محکمہ کی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔
سوئٹزرلینڈ میں نیا سفارت خانہ قائم کرنے کی منظوری
اجلاس میں سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت برن میں بنگلہ دیش کا نیا سفارت خانہ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اب تک بنگلہ دیش کی جنیوا میں موجود مستقل یو این مشن اور باہمی سفارتی امور دیکھ رہا تھا۔ برن میں سفارتخانہ کھلنے سے سفارتی روابط میں براہ راست اضافہ ہوگا اور عالمی سطح پر سفارتی دائرہ کار مزید مستحکم ہو گا۔
نئے سفارت خانے میں ایک سفیر، فرسٹ سیکریٹری اور محدود عملہ تعینات ہوگا، جس کے ساتھ اب بنگلہ دیش کے عالمی سفارتی مشنز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 82 ہو جائے گی۔
شریف عثمان ہادی کی صحت پر تشویش
اجلاس میں انقلابی پلیٹ فارم ’انقلاب منشع‘ کے ترجمان اور جولائی کی عوامی تحریک کے نمایاں رہنما شریف عثمان ہادی کی تشویشناک صحت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ہادی کی حالت بدستور انتہائی نازک ہے۔

علاج کے لیے سنگاپور میں موجود بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کا سینئر افسر ان امور کی نگرانی کر رہا ہے، جبکہ سنگاپور کے وزیر خارجہ بھی چیف ایڈوائزر کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
وِکٹری ڈے کی تقریبات پر وزارت کی تعریف
ایڈوائزری کونسل نے وکٹری ڈے کی کامیاب اور شاندار تقریبات کے انعقاد پر وزارتِ امورِ جنگِ آزادی کی کارکردگی کو سراہا اور اسے قابل تحسین قرار دیا۔













